یہاںسے کانگریس کے استحکام کا آغاز،انتخابی مہم سے سابق ریاستی وزیر کا خطاب
میدک۔ سابق ریاستی وزیر جناب سید یوسف علی انچارج برائے چیگنٹہ دوباک اسمبلی ضمنی انتخابات نے کہا کہ حلقہ دوباک پر کانگریس کا قبضہ یقینی ہے اور یہاں سے ریاست تلنگانہ پر کانگریس مستحکم ہوتی رہے گی۔ چیف منسٹر تلنگانہ جھوٹوں کے راجہ ہیں، عوام کو بے وقوف بناکر ہتھیلی میں جنت بتاتے ہوئے کرسی صدارت پر فائز ہوگئے لیکن دوباک کے نتائج کے بعد ٹی آر ایس کا زوال یقینی ہے۔ انہوں نے حلقہ اسمبلی دوباک کے رائے دہکندوں سے کہا کہ ٹی آر ایس کو یہاں سے شکست دے کر جھوٹوں کے راجہ کو سبق سکھائیں۔ جناب یوسف علی نے چیگنٹہ میں کانگریس کے انتخابی دفتر میں نمائندہ سیاست میدک سے بات کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے چندر شیکھر راو کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے سی آر ایک موقع پرست سیاستداں ہیں۔ علحدہ تلنگانہ تحریک کے دوران نیو دہلی میں سونیا گاندھی سے ملاقات پر بتایا تھا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کیلئے تحریک کا آغاز کیا گیا ہے جونہی ریاست کے علحدہ ہونے کا اعلان ہوگا تحریک تلنگانہ کو کانگریس میں ضم کردیا جائے گا۔ کانگریس نے سابق ریاستی وزیر آنجہانی کے فرزند سرینواس ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ یہاں متیم ریڈی کی حرکیاتی قیادت کو مدنظر رکھتے ہوئے رائے دہندے سرینواس ریڈی کو بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب کریں گے۔ صدر بلاک کانگریس میدک محمد حفیظ الدین کی قیادت میں اقلیتی رائے دہندوں کو کانگریس کی طرف راغب کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر جناب محمد افضل بھی موجود تھے۔