حماس اور حزب اللہ کے ٹھکانوں پر اسرائیل کے فضائی حملے

   

تل ابیب ۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے ان کے فوجیوں کی طرف فائرنگ کے بعد ان کے طیاروں نے چہارشنبہ کو علی الصبح لبنانی گروپ سے تعلق رکھنے والی پوسٹوں پر حملہ کیا۔بعد ازاں اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے ٹھکانوں پر بھی بمباری کی جو کہ فلسطینیوں کی جانب سے انکلیو میں اسرائیل کی جانب آتشی غبارے چھوڑنے کے رد عمل میں کیا گیا۔تاہم انہوں نے بتایا کہ لبنان کی جانب سے ہونے والی فائرنگ میں کوئی بھی اسرائیلی فوجی زخمی نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ سپاہیوں نے لبنان کی جانب سے فائرنگ کے بعد الومینیشن فلیئرز، اسموک شیلز اور براہ راست فائرنگ کی۔فوج نے اپنے بیان میں اسرائیلی دفاعی فورسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘رد عمل میں آئی ڈی ایف ہیلی کاپٹرز اور طیاروں نے سرحدی علاقے میں حزب اللہ سے تعلق رکھنے والی پوسٹوں کو ہدف بنایا’۔