یروشلم ۔ فلسطینی اتھارٹی نے حماس کے یوم تاسیس کے موقع پر الخلیل شہر میں مساجد کو مہربند کردیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے چوتیسویں یوم تاسیس کے موقع پر کیا گیا ہے۔ حماس کی قیادت کی طرف سے جمعہ کے روز ایک مارچ کی کال دی گئی تھی۔ الخلیل شہر میں محکمہ اوقاف نے عباس حکومت کے ایما پر جمعہ کی نماز ادا کرنے سے روکنے کے لیے 4مساجد بند کرنے کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کو جواز فراہم کرنے کے لیے مسجد ابراہیمی میں فلسطینی نمازیوں کی تعداد میں اضافے کا بہانہ بنایا گیا۔ فلسطینی اتھارٹی نے الخلیل کی مسجد طارق بن زیاد، مسجد نمرہ، مسجد علی بکا اور مسجد وصایا رسول کو سیل کیا تاکہ حماس کے یوم تاسیس پر کوئی جلسہ نہ ہوسکے۔ حماس کی جانب سے انتخابات کے لیے قائم کردہ ’القدس ہماری منزل ہے‘اتحاد کی امیدوار لمی خاطر نے کہا مسجد وصایا رسول کے ساتھ ساتھ 3دیگر مساجد کو بند کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ انہیں متبادل کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔