حماس کے کسی بھی ردِ عمل پر سرخ لکیر کھینچ دیں گے: وائٹ ہاؤس

   

واشنگٹن : 3اکٹوبر(ایجنسیز) وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیفٹ نے کہا ہے کہ امریکہ کو امید اور توقع ہے کہ حماس غزہ سے متعلق منصوبے پر رضامندی ظاہر کرے گی۔لیفٹ نے امریکی نشریاتی ادارے فوکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اگر حماس منصوبے سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کرتی ہے تو امریکی صدر اضح سرخ لکیر کھینچ دیں گے۔ادھر حماس نے واضح کیا کہ منصوبے میں درج شق کے مطابق 72 گھنٹوں کے اندر تمام زندہ قیدیوں کی رہائی اور ہلاک شدگان کی لاشوں کی حوالگی ممکن نہیں۔ فلسطینی خبر ایجنسی ’معاً‘ کے مطابق دوحہ میں ثالثوں کے ساتھ مشاورت میں حماس نے کہا کہ اسے منصوبے کے نکات پر مزید غور کے لیے وقت درکار ہے۔حماس کے نمائندوں نے منصوبے کی 20 شقوں میں سے بعض پر تحفظات ظاہر کیے ہیں، خصوصاً اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی واضح ضمانت، انخلا کا شیڈول اور حماس کے غیر مسلح کیے جانے سے متعلق نکات پر۔ ان کا کہنا تھا کہ عرب رہنماؤں کو دی گئی منصوبے کی کاپی اور حماس کو موصولہ مسودے میں فرق ہے۔اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا تھا کہ منصوبے پر نہایت حساس نوعیت کی بات چیت جاری ہے اور اس معاملے پر فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا جائے گا۔