حوالہ ریاکٹ بے نقاب، 3.75 کروڑ روپئے ضبط

,

   

چار گجراتی افراد گرفتار، ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد : شہر حیدرآباد میں ٹاسک فورس پولیس نے حوالے کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 3 کروڑ 75 لاکھ نقد رقم ضبط کرلی ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ 29 سالہ ایشور دلیپ جی سولنکی ، 35 سالہ ہریش رام بھائی پٹیل ، 34 سالہ اجیت سنگھ آرڈوڈیہ اور راتھوڑ کنک سنگھ نتھوبا جن کا تعلق گجرات سے ہے کو حوالے کی رقم کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد حوالے کی رقم غیرقانونی طور پر کار میں منتقل کررہے تھے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ مذکورہ افراد کو حراست میں لینے کے بعد ان کی تفتیش کی گئی جس کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ ممبئی میں واقع پی وجئے اینڈ کمپنی کیلئے کام کرتے ہیں اور اس کا مالک کملیش شاہ ہے جس کا تعلق گجرات احمد آباد سے ہے ۔ کملیش شاہ کا حیدرآباد کے علاقہ بنجارہ ہلز میں برانچ آفس ہے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ 4 افراد کے علاوہ ٹھاکرے سولبین نامی خاتون بھی اس کمپنی کیلئے کام کرتی ہے ۔ /14 ستمبر کو ٹاسک فورس کو یہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بعض نامعلوم افراد کی جانب سے دو گاڑیوں میں نقد رقومات بڑے پیمانے پر غیرقانونی طور پر منتقل کئے جارہے ہیں ۔ جس پر ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں کاروں کی تلاشی کے دوران 3 کروڑ 75 لاکھ 30 ہزار روپئے ضبط کرلئے اور انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ گرفتار شدہ افراد اور ضبط شدہ رقم کو محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کیا جارہا ہے تاکہ اس معاملہ کی مزید تحقیقات کرسکے ۔