امریکی ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
صنعا : یمن کے حوثی باغیوں نے خلیج عدن میں ایک بار پھر بحری جہاز پر حملہ کیا ہے۔ حملے میں لائبیریا کے جھنڈے والے ایک بحری جہاز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ میڈیا کے مطابق یمن میں حوثی باغیوں کی املاک پر دو ہفتے قبل اسرائیل کے حملوں کے بعد یہ حوثی باغیوں کی خلیج عدن میں پہلی کارروائی ہے۔حوثی باغیوں نے ایک اور بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ انہوں نے اتوار کو امریکہ کا ایک جاسوس ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔بعد ازاں حوثیوں نے چند تصاویر بھی جاری کی تھیں جن میں پہاڑی علاقے میں ایک ڈرون کا ملبہ پڑا ہوا نظر آ رہا ہے۔حوثی باغیوں کی جانب سے دو ہفتوں تک بحیرہ احمر کی سمندری راہداری میں کوئی بھی حملہ نہ کرنے کی کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ حوثیوں کے حملوں میں اچانک کمی آ گئی تھی۔حوثیوں نے اب لائبیریا کے کنٹینروں سے لدے بحری جہاز کو ایسے موقع پر نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے جب ایران کے دارالحکومت تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کو قتل کیا گیا ہے اور ایران اس کا الزام اسرائیل پر عائد کر رہا ہے۔