حکمراں اتحاد کو غیر مستحکم نہیں کریں گے ، کانگریس کو یدی یورپا کا تیقن

   

کرناٹک کے بی جے پی ارکان اسمبلی کو گڑگاؤں سے واپسی اور قحط زدہ علاقوں کے دورہ کی ہدایت

بنگلورو ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کرناٹک میں حکمراں اتحاد کو بی جے پی غیر مستحکم نہیں کریں گے ۔ زعفرانی پارٹی کے ریاستی صدر بی ایس یدی یورپا نے ہفتہ کو کہا کہ ہم بہر صورت اس حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی ہرگز کوئی کوشش نہیں کریں گے ۔ انہیں ( حکمراں اتحاد کو ) ڈرنے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ ہم اپوزیشن کے طور پر کام کریں گے ۔ تاہم کانگریس ۔ جے ڈی ( ایس ) حلقوں میں اس مسئلہ پر خوف و تشویش بدستور برقرار ہے ۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی کو بی جے پی کی طرف سے لالچ دے کر راغب کئے جانے کے اندیشوں کے تحت بنگلور کے مضافات میں واقع ایک تفریح گاہ میں رکھا گیا ہے جب کہ یدی یورپا نے گڑگاؤں کی ایک ہوٹل میں کیمپ کرنے والے اپنی پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی کو بنگلور واپس ہونے اور اپنی ریاست کے قحط سالی سے متاثر علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ کرناٹک میں پیدا شدہ سیاسی بحران کے لیے اگرچہ یدی یورپا اور ان کی پارٹی کو مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے لیکن یدی یورپا نے واضح طور پر کہا کہ ’ کانگریس اور جے ڈی ( ایس ) قائدین کو اب اس کے بارے میں کوئی شک و شبہ باقی نہیں رہنا چاہئے ‘ ۔ ان کے اس ریمارکس سے ایک دن قبل جمعہ کو کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس سے اس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کی غیر حاضری کے بعد حکمراں اتحاد میں پیدا شدہ مسائل بے نقاب ہوگئے تھے ۔ کانگریس نے مختلف قیاس آرائیوں کے دوران اپنے ارکان کو قریبی تفریح گاہ منتقل کردیا تھا تاکہ انہیں وفاداریاں بدلتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت سے روکا جاسکے۔
کانگریس کے اعلیٰ ذرائع نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے کم سے کم آٹھ ارکان اسمبلی نے کانگریس کی نیا چھوڑ کر بی جے پی کی کشتی میں سوار ہونے کا یقین دلایا ہے ۔ سدارامیا نے یدی یورپا کے بیان اور وعدہ کا خیر مقدم کیا ہے ۔۔