حکومت تلنگانہ آئمہ و مؤذنین کے مشاہرہ کی اجرائی میں ناکام

   

محکمہ اقلیتی بہبود سے گرانٹ ان ایڈ کی عدم اجرائی، وقف بورڈ کی توجہ دہانی اکارت ثابت
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ ریاست میں آئمہ و مؤذنین کے مشاہرہ کی بروقت ادائیگی میں مسلسل ناکام ہوتی جار ہی ہے ۔ تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کو روانہ کردہ مکتوب میں متعدد مرتبہ اس جانب توجہ مبذول کرواتے ہوئے یہ کہا جاچکا ہے کہ حکومت کی گرانٹ ان ایڈ کے ذریعہ ادا کئے جانے والے اس مشاہرہ کی اجرائی میں ہونے والی تاخیر کے سبب وقف بورڈ کو مسلمانوں‘ آئمہ و مؤذنین کے علاوہ سیاسی قائدین کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ آئمہ و مؤذنین کو جاری کئے جانے والے مشاہرہ کے سلسلہ میں وقف بورڈ محض اس اسکیم پر عمل کرنے والے ادارہ کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے اور آئمہ و مؤذنین کو جاری کی جانے والی رقومات ریاستی حکومت کے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بطور گرانٹ ان ایڈ وقف بورڈ کو روانہ کی جاتی ہے جو کہ وقف بورڈ کی جانب سے آئمہ و مؤذنین کے کھاتوں میں منتقل کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں کیونکہ وقف بورڈ کے پاس آئمہ و مؤذنین کا ریکارڈ موجود ہے اور وہ بہ آسانی ان کے کھاتوں میں رقومات منتقل کرسکتے ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں آئمہ و مؤذنین کو دیئے جانے والے اعزازیہ کی گذشتہ تین ماہ سے اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت کی گئی ہے جبکہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے بارہا یہ کہا جاتا رہا ہے کہ آئمہ ومؤذنین کو ماہانہ مشاہرہ کی اجرائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے لیکن برسوں سے کئے جانے والے ان اعلانات پر اب تک عمل آوری نہیں ہوپائی ہے۔ آئمہ و مؤذنین کے ماہانہ مشاہرہ و اعزازیہ کی اجرائی میں ناکام حکومت تلنگانہ کے سلسلہ میں اب یہ کہا جا رہاہے کہ ایک اسکیم میں ماہانہ رقومات کی ادائیگی میں ناکام حکومت سے مسلمانوں کو کیا توقع رکھنی چاہئے ! حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی گرانٹ ان ایڈ کی اس اسکیم پر مؤثر عمل آوری میںناکامی کے سلسلہ میں تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے عہدیداروں سے دریافت کرنے پر عہدیداروں کا کہناہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے اگر رقم منتقل ہی نہیں کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں وقف بورڈ کہاں سے مشاہرہ کی منتقلی کے اقدامات کرپائے گا اسی لئے وقف بورڈ کی جانب سے متعدد مرتبہ ڈائریکٹوریٹ محکمہ اقلیتی بہبود اور پرنسپل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کو اس سلسلہ میں متوجہ کرواتے ہوئے کہا گیا کہ وہ آئمہ و مؤذنین کے ماہانہ مشاہرہ کی اجرائی کے لئے منظورہ مکمل بجٹ کی منتقلی کے اقدامات کریں تاکہ بورڈ کی جانب سے ہر ماہ بہ پابندی اعزازیہ کھاتوں میں منتقل کیا جاسکے۔م