MSMEs کے لیے برآمدات کے مواقع پر سمینار سے جیش رنجن اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت ایکسپورٹ پروموشن پالیسی کو قطعیت دے رہی ہے تاکہ اس کے موقف کو بہتر بناتے ہوئے موجودہ پانچویں مقام سے تلنگانہ تین ٹاپ ایکسپورٹنگ اسٹیٹس میں ایک ہو اور اسے ملک میں برآمدات کے معاملہ میں تیسرا مقام حاصل ہو ۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے کل یہ بات بتائی ۔ پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس اینڈ آئی ٹی ای اینڈ سی ڈپارٹمنٹ جیش رنجن نے کہا کہ ریاستی حکومت ٹریڈ انفراسٹرکچر فار ایکسپورٹ اسکیم (TIES) کے تحت کلسٹر سطح پر برآمدات کے لیے انفراسٹرکچر سہولتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔ وہ یہاں کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری تلنگانہ کے زیر اہتمام ایم ایس ایم ایز کے لیے برآمدات کے مواقع پر ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ اس سمینار کا مقصد تلنگانہ کے ایم ایس ایم ایز میں برآمدات کو فروغ دینے کے سلسلہ میں بیداری پیدا کرنا ہے اور ان کے لیے اہم مارکٹس میں دستیاب مواقع سے واقف کروانا ہے ۔ جیش رنجن نے کہا کہ تلنگانہ میں MSMEs نے دفاع ، قابل تجدید توانائی ، میزلس شعبوں میں ایڈوانسڈ ٹکنالوجیکل پراڈکٹس تیار کئے ہیں اور انہیں دیگر ممالک کو برآمد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی برآمدات میں سرویس ایکسپورٹس کا بڑا حصہ ہے اور گرانائیٹ کی برآمدات دوسرے مقام پر ہے جو ملک کی جملہ برآمدات میں بھی 70 فیصد ہے ۔ ڈی راجو ، چیرمین سی آئی آئی تلنگانہ اینڈ منیجنگ ڈائرکٹر کربائی بلڈنگ سسٹمس اینڈ اسٹرکچرس پرائیوٹ لمٹیڈ نے کہا کہ گلوبل ایکسپورٹس میں تلنگانہ کے مقام اور اس کے موقف میں مزید اضافہ کے کافی مواقع ہیں جس سے ایم ایس ایم ای کمپنیوں کے لیے بڑی مدد ہوگی ۔ سنجیو کمار سائینی ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر ایم ایس ایم ای ۔ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ نے ایم ایس ایم ای کمپنیوں کے لیے معاون حکومت کی اسکیمات پر روشنی ڈالی ۔۔