حکومت تلنگانہ نے مرکزی اسکیمات کو نظرانداز کردیا : پربھاکر

   

حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی اور ریاستی بی جے پی کے نائب صدر این وی ایس ایس پربھاکر نے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست تلنگانہ میں مرکزی حکومت کی اسکیمات پر عمداً عملدرآمد نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر وفاقی جذبہ کے خلاف کام کررہے ہیں اور ریاست کے عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ پربھاکر نے کل کہا کہ انہوں نے ایک دن قبل مرکزی وزیرفینانس نرملا سیتارامن سے ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں ریاستی حکومتوں کی ناکامیوں کو ان کے علم میں لایا ہے۔ مرکزی حکومت کی اسکیمات جیسے آیوش مان بھارت، پی ایم اواس یوجنا کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے عمداً نظرانداز کیا گیا ہے اور ریاست میں ان پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت پنچایتوں کو بھی 15 ویں فینانس کمیشن کی سفارشات کے مطابق فنڈس فراہم کرنے میں بھی ناکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی عدم توجہ اور غفلت کے باعث کروڑہا روپئے کے فنڈس منجمد ہوکر رہ گئے ہیں اور بعض فنڈس مرکزی حکومت کو واپس ہوگئے ہیں۔