کریم نگر میں شادی مبارک کے چیکس اور ٹیلرنگ اسناد کی تقسیم، ریاستی وزیر گنگولا کملاکر کا خطاب
کریم نگر :کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں کلیانہ لکشمی و شادی مبارک چیکس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ اسکل ڈیولپمنٹ کے تحت ٹیلرنگ , بیوٹیشن , اے سی ٹیکنیشن کے تربیت یافتہ افراد میں اسنادات و سلائی مشین تقسیم کئے گئے۔اس پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات و سیول سپلائی گنگولاکملاکر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام طبقات کے بہبود کے لئے حکومت تلنگانہ کوشاں ہے۔ حکومت تلنگانہ کے متعارف کردہ کلیانہ لکشمی ، شادی مبارک اسکیم ریاست تلنگانہ کی دختروں کیلئے کافی مفید ہیں۔ کریم نگر اربن , کتہ پلی ,کریم نگر رورل منڈلوں کے مستقر103 میں جملہ 1کروڑ 4 لاکھ 14 ہزار 948 رقم کے چیکس کی وزیر موصوف کے ہاتھوں تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کے متعارف کردہ اسکیمات ملک گیر سطح پر اہمیت کے حامل ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کی دختروں کیلئے کلیانہ لکشمی و شادی مبارک کے ذریعہ مدد فراہم کی جارہی ہے۔ پچھلے دور میں لڑکیوں کی پیدائش والدین کیلئے بوجھ تصور کیا جاتا رہا ، ان حالات میں بدلاؤ اور آج ریاست تلنگانہ میں لڑکیوں کی پیدائش پر مسرت کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ ریاست تلنگانہ کی حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کے متعارف کردہ اسکیمات تمام طبقات کے لئے باعث مسرت ہیں۔ بعد ازاں متعدد کورسیس میں تربیت حاصل کردہ 60 خواتین کو سلائی مشین ، علاوہ ازیں بیوٹیشن کی تربیت حاصل کردہ 47 , کمپیوٹر کورس میں تربیت حاصل کرنے والے 29 ، اے سی ٹیکنیشن تربیت حاصل کرنے والے 29 افراد کو اسناد فراہم کئے گئے۔ اجلاس میں وزیر موصوف کے ہمراہ ایم ایل سی ناراداسو لکشمن راؤ ,ضلع عہدیدار برائے اقلیتی بہبود مدھوسودھن،ایم پی پی لکشمیا , کارپوریٹرس ،ایم پی ٹی سی، عوامی نمائندوں و دیگر نے شرکت کی۔