بیروت : لبنانی وزیر خارجہ عبداللہ بوحبیب نے ملک میں حزب اللہ کے کردار کو روکنے میں حکومت کی ناکامی کا اعتراف کرلیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت حزب اللہ پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ وزیر کی جانب سے یہ تبصرہ سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ بحران کے بارے میں ہونے والی بات چیت کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ لبنان کا مسئلہ سیاسی نظام پر حزب اللہ کے غلبے کا نتیجہ ہے۔ ریاض حکومت اور لبنان کے درمیان کوئی بحران نہیں ہے، بلکہ ایران کے بیروت پر تسلط کی وجہ سے لبنان کے ساتھ بحران پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان کو جامع اصلاحات کی ضرورت ہے ، جو اس کی خودمختاری کو بحال کرے اور عرب دنیا میں کھویا ہوا مقام دلا سکے۔