حکومت سازی میں تاخیر مہاراشٹرا کی توہین :آدتیہ ٹھاکرے

   

ممبئی: شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے آج کہا کہ انتخابی نتائج کے ایک ہفتے بعد بھی مہایوتی چیف منسٹر کے نام پر کوئی فیصلہ نہیں کرپائی اور حکومت نہیں بن سکی ہے اور یہ مہاراشٹر کی توہین ہے۔ٹھاکرے نے سوشل میڈیا کے ذریعے سوال اٹھایا کہ ریاست میں ابھی تک صدر راج کیوں نہیں لگایا گیا؟۔ مہایوتی کی بڑی پارٹی بی جے پی کو نشانہ بناکر ٹھاکرے نے کہا کہ یکطرفہ طور پر حکومت بنانے کا دعویٰ کئے بغیر حلف برداری کی تاریخ کا اعلان کرنا مکمل انارکی ہے۔بی جے پی، شیو سینا اور این سی پی کے مہایوتی اتحاد نے مہاراشٹر میں کامیابی کے ساتھ اقتدار برقرار رکھا۔بی جے پی ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے نے کل کہا کہ مہاراشٹر میں نئی مہیوتی حکومت کی حلف برداری 5 دسمبر کی شام کو جنوبی ممبئی کے آزاد میدان میں ہوگی۔ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ نئے چیف منسٹر کون ہوں گے لیکن بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ دیویندر فڑنویس کا نام سب سے آگے ہے۔. فڑنویس دو بار چیف منسٹر رہ چکے ہیں آدتیہ ٹھاکرے نے X پر لکھا کہ چیف منسٹر کے نام کا فیصلہ نہ کرنا اور نتائج کے اعلان کے ایک ہفتہ سے زائد عرصہ کے بعد بھی حکومت نہ بنانا نہ صرف مہاراشٹر کی توہین ہے، بلکہ الیکشن کمیشن کی توہین بھی ہے۔ بی جے پی ‘ شیوسینا ( شنڈے ) اور این سی پی ( اجیت پوار ) تشکیل حکومت کیلئے سرگرم مشاورت میں مصروف ہیں۔