حکومت نے امریکی انتظامیہ سے نیوارک ایئرپورٹ پر پکڑے گئے ہندوستانی شہری کی جانکاری مانگی

   

نئی دہلی، 10 جون (یواین آئی):امریکہ کے نیو جرسی کے نیوارک ایئرپورٹ پر ایک ہندوستانی طالب علم کو حراست میں لیے جانے کی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت نے سفارتی چینلز کے ذریعے امریکی انتظامیہ سے رابطہ کرکے معلومات مانگی ہیں۔ رائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ ایک سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیو جرسی کے نیوارک ایئرپورٹ پر ایک ہندوستانی شہری کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اس پر وزارت خارجہ نے باضابطہ طور پر اس معاملے کو نئی دہلی میں امریکی سفارتخانے کے سامنے اٹھایا ہے ۔ واشنگٹن میں ہمارا سفارتخانہ اور نیویارک میں ہندوستانی قونصل خانہ بھی تفصیلات معلوم کرنے کیلئے امریکی حکام کے رابطے میں ہیں۔ذرائع نے کہا کہ ہمیں اب تک اس واقعے یا حالات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملیں کہ جن کے تحت ہندوستانی شہری کو روکا گیا تھا، وہ کس پرواز میں سوار ہونے والا تھا یا سوار ہو گیا تھا، اور اس کے حتمی مقام کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملی ہیں۔ ہم اس معاملے پر مسلسل معلومات لے کر مناسب اقدامات اٹھائیں گے ۔