نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے حال میں پارلیمنٹ میں جو بیان دیا اس میں وضاحت کا کوئی موقع نہیں دیا گیا ہے ۔ اس مسئلہ پر پارلیمنٹ میں بڑے پیمانے پر بحث ہونی چاہیے ۔پارٹی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کی صورتحال میں چین کی طرف سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ حالیہ برسوں میں چین کے ساتھ ہمارا معاشی انحصار بڑھ گیا ہے ، اس لیے پارلیمنٹ میں اس معاملے پر اسٹریٹجک اور اقتصادی صورتحال کے تعلق سے حکومت کو بحث کرانی چاہیے اور جو سوال اس معاملے میں آئے ان پر وضاحت دینی چاہیے ۔کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ کے بیان پر کسی قسم کی وضاحت طلب کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ پارلیمنٹ کو چین کے ساتھ سرحد پر چیلنجوں سے نمٹنے کے اجتماعی عزم پر بات کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 19 جون 2020 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے چین کے حوالے سے بیان دیا تھا کہ نہ تو کوئی داخل ہوا ہے اور نہ ہی کوئی ہماری سرحد میں داخل ہے ۔یہ بیان غلط تھا ۔