حکومت چوکسی اور سمجھداری سے قومی مفاد میں قدم اٹھائے :مایاوتی

   

نئی دہلی، 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے چین کے ساتھ پرتشدد جھڑپوں میں ہندوستانی فوجیوں کی شہادت پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے چہارشنبہ کو کہا کہ حکومت کو زیادہ چوکسی اور سمجھداری سے ملک کے مفاد میں قدم اٹھانے کی ضرورت ہے ۔مایاوتی نے ایک ٹوئٹ کے سلسلے میں کہا کہ عوام کو پورا یقین ہے کہ حکومت ملک کی آن بان اور شان کو ذہن میں رکھ کر صحیح فیصلہ کرے گی اور کسی کو ملک کی سرزمین پر قبضہ کرنے نہیں دے گی۔بی ایس پی سربراہ نے کہاکہ لداخ خطے میں چین کے ساتھ جھڑپ میں کرنل سمیت 20ہندوستانی فوجیوں کی شہادت کی خبر کافی رنجیدہ اور جھنجھوڑنے والی ہے ۔ خاص کر اس وقت جب ہندوستانی حکومت دونوں ممالک کے درمیان سرحدی تنازعے اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ حکومت کو اب زیادہ محتاط اور سمجھداری سے ملک کے مفاد میں قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس نازک وقت میں پورا ملک حکومت کے ساتھ متحد ہے ۔ (ابتدائی خبر صفحہ 3 پر)