حکومت کو 15 اکتوبر تک جواب داخل کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

,

   

آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال غیر قانونی ، کورٹ میں مقدمہ کی سماعت، ایڈوکیٹ جنرل کا ادعا
حیدرآباد۔10اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے آر ٹی سی ہڑتال کے سلسلہ میں داخل کی گئی درخواست کی سماعت کے بعد آئندہ سماعت کی تاریخ 15 اکٹوبر مقرر کی ہے اور حکومت تلنگانہ کو ہدایت دی کہ وہ 15 اکٹوبر تک مکمل تفصیلات کے ساتھ عدالت میں اپنا جواب داخل کرے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل مسٹر رامچندراؤ نے عدالت کو بتایا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال غیر قانونی ہے کیونکہ حکومت نے آر ٹی سی ملازمین کی جانب سے نوٹس وصول ہونے کے بعد ان سے مذاکرات کا آغاز کیا تھا لیکن ٹریڈ یونین قائدین نے حکومت کی تجاویز کو قبول کرنے سے انکار کردیا جس کے سبب حکومت نے عوام کو کسی قسم کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے متبادل انتظامات کرتے ہوئے بسوں کو چلانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے جبکہ ہڑتال کرنے والوں کی جانب سے حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ آر ٹی سی کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والے وکیل مسٹر رامچندر ریڈی نے کہا کہ ہڑتال کرنے والی یونینوں کی جانب سے انتظامیہ اور حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کے جائز مطالبات کو قبول کرنے کا مطالبہ کیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی حکومت کی جانب سے ہڑتال کو کو رکنے کی کوئی پہل نہیںکی گئی ۔عدالت نے دونوں فریقوں کے ادعاجات کی سماعت کے بعد حکومت کو ہدایت دی کہ وان مطالبات کے سلسلہ میں کیا پیشرفت کی گئی ہے اور عوام کو ہونے والی مشکلات کے تدارک کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی مکمل تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ان امور کو جلد از جلد حل کرنے کے سلسلہ میںکئے جانے والے اقدامات کے متعلق مکمل جواب عدالت میں داخل کرے۔ آر ٹی سی ہڑتالی ملازمین کی پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے آر ٹی سی کے خسارے سے نمٹنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے بلکہ ملازمین کے جائز مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے آر ٹی سی ٹریڈ یونینوں کو ہڑتال پر مجبور کیا ہے۔