حیدرآباد۔حکومت کو تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباکی زندگیوں کی اہمیت کا بھی اندازہ ہے اور صرف تعلیم پر توجہ دے کر طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ نہیں کرسکتی ۔وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے سرکاری اسکولوں میں صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جو رہنماخطوط جاری کئے ہیں ان پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔یکم فروری سے نویں اور دسویں کی باضابطہ تعلیم کے اقدامات کا جائزہ لینے وزیر تعلیم نے بعض اسکولوں کا دورہ کیا اور پانی کی ٹانکیوں کی صفائی کے علاوہ دیگر سہولتوں بالخصوص آئیسولیشن روم کے انتظام کا جائزہ لیا۔سبیتا اندراریڈی نے بتایا کہ حکومت نے کافی غور کے بعد رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں اور ان پر عمل کا پابند بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ تمام اسکولوں کے ذمہ داروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صفائی کے ساتھ ہر کلاس میں صرف 20طلبہ کو بٹھانے انتظامات کریں اور ہر طالب علم کے درمیان 6 فیٹ کے فاصلہ کو یقینی بنائیں۔انہو ںنے بتایا کہ باضابطہ تعلیم کے آغاز پر طلبہ کو نئے تجربات کا سامنا رہے گا اور اساتذہ کو بھی نئے تجربات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔