حکومت کو پرانے شہر کی ترقی سے عدم دلچسپی

   

محکمہ بلدی نظم و نسق سے متعدد اعلانات ، عمل نظر انداز
حیدرآباد۔2فروری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے محکمہ جات کو پرانے شہر کی ترقی میں دلچسپی نہیں ہے یا وہ پرانے شہر کے ساتھ سوتیلے سلوک کے ذریعہ پرانے شہر کے عوام کو نظرانداز کرنا چاہتے ہیں! ریاستی محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے سال گذشتہ کے اواخر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکو اس بات کی ہدایا ت جاری کی تھی کہ وہ میر عالم تالاب کے اطراف جاری ترقیاتی اور خوبصورتی کے کاموں کو 2021 کے اختتام تک مکمل کرلیں اور اس سلسلہ میں پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے ٹوئیٹ کے ذریعہ عوام کو اس بات سے واقف کروایا تھا کہ وہ اس سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو واضح ہدایات جاری کرچکے ہیں اور میر عالم تالاب کے اطراف و اکناف جاری ترقیاتی کاموں کو ڈسمبر 2021 تک مکمل کرلیا جائے گا لیکن ان کی ہدایات کے باوجود اب بھی 20 فیصد کام باقی ہیں اور عہدیداروں کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ ان کاموں کی تکمیل کے لئے مزید 3ماہ درکار ہوں گے۔ذرائع کے مطابق محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات کے بعد درکار فنڈس کے لئے محکمہ کو مطلع کردیا گیا تھا لیکن اب تک ان کی اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی جس کے سبب کام جوں کے توں ہیں۔ ماہ نومبر 2021کے اواخر میں پرنسپل سیکریٹری مسٹر اروند کمار نے میر عالم تالاب کا دورہ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ماہ فروری 2022 تک میر عالم تالاب میں میوزیکل فاونٹین کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی ۔انہو ںنے بتایا تھا کہ محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے 3کروڑ روپئے کے مصارف سے میر عالم تالاب میں 20 فیٹ اونچائی تک پانی پہنچانے والے میوزیکل فاونٹین کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعہ واضح کہا تھا کہ ماہ فروری 2022 تک اس عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق کی باضابطہ ہدایات کے باوجود ماہ فروری کی ابتداء تک بھی اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہ کئے جانے پر مقامی عوام کا کہناہے کہ پرانے شہر کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے ۔م