وائرس کو پھیلنے سے روکنے عوامی تعاون ضروری ۔ آج سے بوسٹر ڈوز کا آغاز ۔ سنکرانتی گھر میںمنانے کی اپیل
حیدرآباد۔9جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں کورونا مریضوں میں اضافہ اور محکمہ صحت کے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد کرکے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ تیسری لہر سے نمٹنے تیار رہیں۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا کو پھیلنے سے روکنے تعاون کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرکے ماسک لازمی استعمال کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنائیں۔ کے سی آر نے عوام کو خوفزدہ نہ ہونے اور کورونا کے مقابلہ کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ حکومت نے گذشتہ دو برسوں کے تجربوں کی بنیاد پر حکومت نے تیسری لہر سے شہریوں کو محفوظ رکھنے اور معیاری علاج فراہم کرنے کی تیاریاں کرلی ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ جائزہ اجلاس میں وزیر صحت ٹی ہریش راؤ ‘ چیف سیکریٹری سومیش کمار‘ سید علی مرتضیٰ رضوی کے علاوہ دیگر عہدیداران موجود تھے ۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو ریاست میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے نمٹنے اقدامات سے واقف کروایا اور کہا کہ محکمہ صحت صورتحال سے نمٹنے تیار ہے۔ چندر شیکھر راؤ نے 10 جنوری سے بوسٹر ٹیکہ کے انتظامات کے متعلق تفصیلات حاصل کی اور کہا کہ ریاست میں بوسٹر ٹیکہ کے انتظامات کو بہتر بنانے کے علاوہ دونوں ٹیکہ حاصل کرنے والے کورونا وارئیرس اور 60 سال سے زائد عمر والے شہریوں کو بوسٹر کے حصول کیلئے راغب کروایا جائے ۔ چیف منسٹر نے 15تا18 سال عمر کے بچوں کو دیئے جانے والے ٹیکوں کی تفصیلات حاصل کرکے اسے مزید بہتر بنانے اور مراکز کے قیام کا جائزہ لینے کی ہدایت دی اور والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے ٹیکہ اندازی سے استفادہ کروائیں ۔ انہو ںنے محکمہ صحت کی جانب سے کورونا معائنوں کے علاوہ دواخانوں میں موجود بستروں کی تعداد اور تمام بسترو ںکو آکسیجن سے مربوط کرنے کے امور سے آگہی حاصل کی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سرکاری دواخانوں میں بہترعلاج کی سہولتوں کی فراہمی اور تمام بستروں کو آکسیجن سے مربوط کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سنکرانتی تہوار کے موقع پر بھی کووڈ قواعد کا خیال رکھیں اور سنکرانتی تہوار گھروں میں ہی منائیں ۔ عہدیداروں نے کورونا مریضوں کے علاج اور خواتین ‘ بچوں اورمعمر شہریوں کیلئے خصوصی انتظامات کے متعلق چیف منسٹر کو واقف کروایا۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کی جانب سے گذشتہ اجلاس میں دی گئی ہدایات کے مطابق کورونا کے معائنوں میں اضافہ کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2کروڑ افراد کے معائنہ کو یقینی بنایا جارہا ہے اس کیلئے کٹس حاصل کرلی گئی ہیں علاوہ ازیں آشا ورکرس کی خدمات حاصل کرکے فیور سروے کا آغاز کیا جاچکا ہے اور جن شہریوں میں علاما ت ہیں انہیں ادویات کی کٹس حوالہ کرکے قرنطینہ کے اصولوں پرعمل کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔م