حکومت کی اجازت پر عمل میں پولیس کی رکاوٹیں !

   

ہوٹلیں اور بازار بند کروانے کی شکایت ۔ سی سی کیمرے لگانے کی مالکین کو ہدایت
حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز ) حیدرآباد‘ رچہ کنڈہ اور سائبرآباد کمشنریٹ حدود میں رات دیر گئے تک بازار بالخصوص ریستوراں اور ہوٹلوں کو کھلا رکھنے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کل اسمبلی میں اعلان کیا تھا لیکن دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں رات دیر گئے پولیس کی جانب سے ہراساں کئے جانے اور رات 12بجے ریستوراں اور ہوٹلو ںکو بند کرنے کی شکایات ملی ہیں ۔ بعض علاقوں میں پولیس عہدیداروں نے ہوٹل مالکین کو رات 1بجے تک ہوٹل یا ریستوراں کو کھلا رکھنے ہوٹل کے اندرونی و بیرونی حصہ میں لازمی سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے اور کہا کہ رات کے اوقات میں نائٹ ویژن کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ ان تک پولیس کو رسائی فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی طرح کی لاء اینڈ آرڈر یا نقص امن کا خطرہ پیدا ہونے پر فوری کاروائی کی جاسکے ۔ دونوں شہروں کی بیشتر ہوٹلوں اور ریستوراں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں بلکہ شہر کی کئی سڑکیں اور دکانات سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں ہیں اس کے باوجود ہوٹل مالکین کو نائٹ ویژن کیمروں کی تنصیب کی ہدایات جاری کرنا درست نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے لاء اینڈآرڈر کی برقراری کے ساتھ دونوں شہروں و اطراف میں رات ایک بجے تک دکانات اور ہوٹلوں کو کھلا رکھنے کی اجازت کے بعد ریستوراں اور ہوٹل مالکین میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے لیکن اس طرح کے احکامات سے ان میں بے چینی پیدا ہونے لگی ہے ۔ ہوٹل مالکین کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کے ذریعہ نگرانی میں کوئی قباحت نہیں ہے لیکن ان تک دوسروں کی رسائی غیر واجبی بلکہ اپنے گاہکوں کی خانگی زندگی میں مداخلت ہوگی اسی لئے وہ ایسا کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔ 3