حکومت کی اسکیم رعیتو نیستھم (کسان دوست) ہر کسان کیلئے فائدہ مند

   

جکران پلی میں کسان ویدیکا سے ویڈیو کانفرنس، رکن اسمبلی ڈاکٹر آر بھوپت ریڈی کا خطاب
نظام آباد۔ 17 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں کے لیے معاون اور پائیدار زرعی ترقی کو یقینی بنانے کے مقصد سے شروع کیا گیا باوقار ’رعیتو نستھم‘ (کسان دوست) پروگرام ہر کسان کے لیے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔جسے بھرپور طور پر استعمال میں لانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار نظام آباد رورل حلقہ کے رکن اسمبلی ڈاکٹر آر بھوپت ریڈی نے کیا۔یہ جکران پلی منڈل کے ارگل میں کسان ویدیکا سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کی اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے راجندر نگر میں واقع اچاریہ جئے شنکر زرعی یونیورسٹی سے اس پروگرام کا ورچوئل طریقہ سے آغاز کیا۔ اس موقع پر کسان بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کے کھاتوں میں دوسری قسط کی رقم کی منتقلی کا بھی آغاز کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ 9 دنوں میں ریاست بھر کے کسانوں کے کھاتوں میں 9,000 کروڑ روپے جمع کیے جائیں گے۔اس موقع پر رکن اسمبلی نظام آباد رورل ڈاکٹر بھوپتی ریڈی نے بتایا کہ رعیتو نستھم پروگرام کے تحت کسان ویدیکاؤں کو جدید آڈیو ویژول سہولیات اور ویڈیو کانفرنسنگ نظام سے مربوط کیا جا رہا ہے تاکہ زرعی ماہرین سے ہفتہ وار رہنمائی حاصل کی جاسکے۔ پہلے مرحلے میں ریاست کے 110 کسان ویدیکاؤں میں یہ سہولت فراہم کی گئی۔ جب کہ اب اسے ریاست کی 2,600 کسان ویدیکاؤں تک توسیع دی گئی ہے۔ ضلع نظام آباد میں پہلے مرحلے میں 31 کسان ویدیکاؤں میں سہولت دستیاب تھی جب کہ اب مزید 49 کسان ویدیکاؤں میں ویڈیو کانفرنسنگ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ بھوپت ریڈی نے زور دیا کہ کسان ہر منگل کو زرعی ماہرین اور افسران سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اپنی فصلوں اور زرعی مسائل کے حل کے لیے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعہ کاشت کی لاگت کو کم کرنا، نئی اقسام کی فصلوں کو متعارف کروانا، اور زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے طریقہ سیکھنا ممکن ہوگا۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے دی جا رہی امداد کا بھرپور استعمال کریں اور کم رقبے میں کم لاگت سے جدید طریقوں سے زیادہ پیداوار حاصل کرتے ہوئے اپنی مالی ترقی کو یقینی بنائیں۔اس پروگرام میں آرمور کے آرڈی او راجگوڑ، ضلع زرعی افسر ویرا سوامی، سابق آئی ڈی سی ایم ایس چیئرمین منی پلی سائی ریڈی، شیکھر گوڑ، سوسائٹیوں کے چیئرمین، زرعی و متعلقہ محکموں کے افسران اور مثالی کسانوں نے شرکت کی۔