ہنمنت رائو کا طنز، پولیس کی مدد سے اپوزیشن کو کچلنے کا الزام
حیدرآباد۔ 5 جون (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین کو پراجکٹس کے معائنے سے روکتے ہوئے کے سی آر حکومت غیر دستوری اقدامات کررہی ہے۔ پولیس کی مدد سے اپوزیشن کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ڈائرکٹر جنرل پولیس ٹی آر ایس ایجنٹ کے طور پر کام کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں تعمیر کئے گئے پراجکٹس کا معائنہ کرنے سے کانگریس قائدین کو روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹس کے معائنے کا مقصد موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا ہے لیکن صدرپردیش کانگریس اور دیگر قائدین کی گرفتاری افسوسناک ہے۔ ہنمنت رائو نے کل کونڈا پوچماں ذخیرہ آب کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ذخیرہ آب میں ایک خطرہ پانی نہیں ہے جبکہ چیف منسٹر نے افتتاح کے وقت اعلان کیا تھا کہ کالیشورم سے پانی سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی کانگریس قائدین کو نشانہ بناتے ہوئے حکومت کے لیے کام کررہے ہیں۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ پولیس کے رویہ کے خلاف ڈی جی پی آفس کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور ٹی آر ایس کیلئے الگ الگ قانون پر عمل کیا جارہا ہے۔ کرن کمار ریڈی، روشیا اور اب کے سی آر کو خوش کرتے ہوئے مہیندر ریڈی اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے مہیندر ریڈی کو پدماشری اعزاز سے نوازنے کی سفارش کی تاکہ ٹی آر ایس حکومت کی خدمت کا صلہ مل سکے۔