عوام پر مرکوز اقدامات کے ساتھ حکومت آگے بڑھ رہی ہے، وزیراعظم نریندر مودی کا تقریب سے خطاب
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ 21 ویں صدی کا ہندوستان عوام پر مبنی طرز حکمرانی کے نقطہ نظر کے ساتھ آگے بڑھا ہے اور یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ہم خود لوگوں تک پہنچیں اور ہر ایک اہل شخص کو مکمل فائدہ پہنچائیں۔ وزارت فینانس اور کارپوریٹ امور کی طرف سے آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت منعقدہ ایک ہفتہ طویل خصوصی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندرمودی نے کہا کہ ملک نے ماضی میں حکومت پر مر کوز حکمرانی کا خمیازہ اٹھایا ہے ۔ لیکن آج 21ویں صدی کا ہندوستان عوام پرمرتکز طرز حکمرانی کے ساتھ آگے بڑھا ہے ۔ جن لوگوں نے ہمیں یہاں اپنی خدمت کے لیے بھیجا ہے۔ اس لیے یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ہم خود عوام تک پہنچیں، ہر اہل فرد تک پہنچیں، انہیں بھرپور فائدہ پہنچائیں، یہ ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔ اس موقع پر مرکزی فینانس نرملا سیتا رمن، کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت راو اندرجیت سنگھ، وزیر مملکت برائے فینانس پنکج چودھری اور ریاستی وزیر فینانس بھاگوت کرشنا راو کراد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے جن سمرتھ پورٹل کا بھی آغاز کیا، جو حکومت کی کریڈٹ سے منسلک اسکیموں کا پورٹل ہے ۔ اس کے ساتھ انہوں نے ایک روپیہ ، دو روپے ، پانچ روپے ، 10روپے اور 20 روپے کے خصوصی سیریز کے سکے بھی جاری کئے۔ مودی نے کہا کہ یہ نئے سکے ملک کے عوام کو امرت کال کے مقاصد کے بارے میں مسلسل یاد دلائیں گے ، انہیں ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کرنے کی ترغیب دیں گے ۔ محکمہ کی جانب سے اگلے ایک ہفتے میں کئی پروگرام منعقد کیے جانے والے ہیں۔ اس موقع پر ایک ڈیجیٹل نمائش کا بھی آغاز کیا گیا جس میں روپے کے سفر کو بھی دکھایا گیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ حکومت اصلاحات کے ذریعہ مختلف امور کو آسان بنانے پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ جی ایس ٹی نے مرکز اور ریاستوں میں مختلف ٹیکسوں کے جال کی جگہ لے لی ہے۔ عوام نے حکومت کے اس اقدام کے نتائج کو بھی دیکھا ہے۔ حکومت کے ان فیصلوں سے ای پی ایف او رجسٹریشن میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ 8 برسوں کے دوران ہندوستان نے اجتماعی طورپر جب بھی کچھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے دنیا کو ایک نئی امید ملی ہے۔ اس وقت دنیا کی نظریں ہندوستان پر بڑی کنزیومر مارکٹ کے طور پر ہیں۔ نرملا سیتارامن نے اپنے خطاب میں بتایا کہ جن سمرتھ پورٹل پر حکومت کے تمام 12 اسکیمات موجود ہیں۔