خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کی مساعی، گاندھی بھون میں اجلاس سے ریاستی وزیر سیتکا کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا نے کہا کہ خواتین کی بھلائی کیلئے تلنگانہ حکومت کی اسکیمات کو بنیادی سطح تک پہنچانا مہیلا کانگریس کی ذمہ داری ہے ۔ گاندھی بھون میں مہیلا کانگریس کی عاملہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیتکا نے کہا کہ مہیلا کانگریس کو مزید مستحکم کیا جانا چاہئے تاکہ بنیادی سطح تک حکومت کی اسکیمات کے بارے میں شعور بیداری مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ حکومت خواتین کو بس کے مالک بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے خواتین کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کردیا تھا۔ کے سی آر خاندان بیٹی کو پارٹی سے معطل کردیا ہے اور خاندان میں اختلافات برسر عام ہوچکے ہیں۔ وزیر نے مہیلا کانگریس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 29 ستمبر کو سرور نگر اسٹیڈیم میں بڑے پیمانہ پر بتکماں تقاریب کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تقاریب گنیز بک آف ریکارڈ میں درج کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کیلئے حکومت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہیلا کانگریس کارکنوں کو مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے تمام طبقات کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے خلاف بی آر ایس کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ قابل مذمت ہے۔ 1