حکومت کے گائیڈ لائنس کے بعد 2 کروڑ کا اناج غریبوں میں تقسیم ہوگا

   

رمضان المبارک میں تراویح کا گھروں میں اہتمام کریں، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی پریس کانفرنس

حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کے بعد 2 کروڑ روپئے سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندانوں میں چاول اور اناج کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہاکہ تلنگانہ وقف بورڈ نے منشائے وقف کے مطابق 2 کروڑ روپئے کی منظوری دی ہے اور اِس سلسلہ میں حکومت کو رپورٹ روانہ کردی گئی۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ حکومت بہت جلد وقف بورڈ کو اناج کی تقسیم کے سلسلہ میں گائیڈ لائنس جاری کرے گی جس کے بعد ٹنڈرس کے ذریعہ چاول اور اناج حاصل کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب اور مستحق مسلم خاندانوں کی مدد کے لئے 20 لاکھ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ 2 کروڑ روپئے کے ذریعہ نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع میں بھی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ محمد سلیم نے کہاکہ منشائے وقف کے مطابق وقف بورڈ غریبوں کی بھلائی پر رقم خرچ کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ اُنھوں نے دولت مند اور اہل خیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن کے متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ رمضان المبارک کا انتظار کئے بغیر زکوٰۃ اور عطیات لاک ڈاؤن متاثرین پر خرچ کریں۔ اُنھوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ رمضان المبارک کے دوران افطار اور تراویح کا اپنے گھروں پر اہتمام کریں۔ مساجد کا رُخ کرنے کی زحمت نہ کریں۔ حکومت نے کورونا وائرس کے خطرہ کے پیش نظر تمام مذاہب کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔ تمام مسالک کے علماء اور مفتیان کرام نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کی عبادتوں کا گھر میں اہتمام کریں۔ محمد سلیم نے کہاکہ حکومت اور مذہبی شخصیتوں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں کورونا وائرس سے نمٹنے میں حکام کا تعاون کرنا چاہئے۔ محمد سلیم نے کہاکہ افطار پارٹیوں کے اہتمام سے گریز کیا جائے کیوں کہ پارٹیوں کی صورت میں ہجوم کا اندیشہ رہتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گھروں میں تراویح صرف گھر والوں تک محدود رکھیں دیگر افراد کو جمع کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی کی ویڈیو کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے محمد سلیم نے بتایا کہ تمام وقف بورڈس اور مذہبی اسکالرس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لئے شعور بیدار کریں۔ 25 اپریل سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگا اور مسلمانوں کو جامعہ نظامیہ، دارالعلوم دیوبند اور مذہبی اداروں کی جانب سے جاری کردہ فتوے پر عمل کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست کو وائرس سے بچانے کے لئے تمام تر احتیاطی قدم اُٹھارہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے غریبوں کے لئے اناج اور رقم کا انتظام کیا گیا ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وقف بورڈ کی جانب سے مساجد کی کمیٹیوں اور متولیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مسلمانوں کو مساجد میں نماز کی ادائیگی کا پابند کریں۔ مساجد میں ہجوم جمع نہ کریں تاکہ سماجی فاصلہ برقرار رہے۔ اُنھوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ غریبوں میں امداد کی تقسیم کے لئے ہر وقف بورڈ کو 5 تا6 کروڑ روپئے منظور کرے۔