حیات نگر میں نوجوان کا قتل

   

حیدرآباد ۔ 29 مئی (سیاست نیوز) حیات نگر کے علاقہ میں ایک نوجوان کا قتل کردیا گیا اور نعش کو کنٹلور کے سنسان علاقہ میں پھینک دیا گیا۔ مقامی عوام نے بدبو محسوس کرتے ہوئے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ حیات نگر پولیس کے مطابق مقام واردات سے ایک نوجوان کی نعش برآمد کرلیا گیا جو برہنہ حالت میں تھی اور اس کے جسم پر زخموں کے گہرے نشانات پائے گئے۔ پولیس حیات نگر اس کی شناخت راجیش کی حیثیت سے کرلی ہے جس کی عمر تقریباً 23 سال بتائی گئی ہے۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ راجیش کا تعلق ضلع ورنگل کے ملگ سے بتایا گیا ہے۔ راجیش نے دو سال قبل انجینئرنگ کی تکمیل کی تھی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہیکہ ناجائز تعلقات کے سبب راجیش کا قتل کردیا گیا اور اس کی نعش کو پھینک دیا گیا۔ پولیس حیات نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع