حیدرآباد ، میڑچل اور ورنگل سب رجسٹرار دفاتر میں رشوت ستانی عام

   

متعدد سب رجسٹرارس شرائط کے بغیر رجسٹری کرنے میں ملوث
حیدرآباد۔/17نومبر، ( سیاست نیوز) جائیداد رجسٹریشن کے معاملہ میں بدعنوانیوں اور رشوت خوری کے الزامات کے باوجود سب رجسٹرارس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ورنگل اور میڑچل ضلع کے سبب رجسٹرار پر رشوت خوری کی کافی شکایات پائی جاتی ہیں اس کے باوجود محکمہ جاتی سطح پر اقدامات کا نہ ہونا ان کے حوصلے بلند کرنے کا سبب بن رہا ہے جس کے ساتھ ہی محکمہ انسداد رشوت ستانی کی جانب سے اقدامات بھی ناکافی ثابت ہورہے ہیں حالانکہ گذشتہ دو ماہ کے دوران کئی ایک سب رجسٹرارس اور ان کے احاطہ میں موجود ڈاکومنٹ رائٹرس اور درمیانی افراد رشوت خوری کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کرلئے گئے۔ ان اقدامات، الزامات اور کارروائیوں کے باوجود چند سب رجسٹرار بڑی دلیری کے ساتھ بغیر رشوت کوئی کام نہیں کرتے اور اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کررہے ہیں۔ ڈاکومنٹس شرائط کے خلاف ہونے یا پھر ڈاکومنٹس میں کسی قسم کی کمی کے باوجود بھی ایک قیمت مقرر کرتے ہوئے اس کی ادائیگی پر رجسٹریشن کردیا جارہا ہے جبکہ حقیقی درخواست گذاروں کو مبینہ طور پر تنگ کیا جارہا ہے۔ رجسٹریشن آفس سے رجوع ہونے پر بغیر کسی ہاتھ بدلی کے کوئی کام نہیں ہوتا۔ یہ بات کوئی رازکی نہیں بلکہ تقریباً شہری اس سے واقف ہیں۔ رشوت سے پاک ریاست بنانے کے خواب کو سب رجسٹرار ناکام بنانے کے مترادفثابت ہوئے اور ان سب رجسٹرارس کے خلاف پائے جانے والے سنگین الزامات ان کی نظیر بن رہے ہیں۔ سابق میں اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے قانون میں غریب عوام کے لئے نرمی دیتے ہوئے 100 گز اراضی اور تعمیرات کو مکان نمبر کی بنیاد پر رجسٹریشن کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم ایسے افراد کے ساتھ بھی سب رجسٹرارس پر ہراسانی کے سنگین الزامات پائے جاتے ہیں۔ چند سب رجسٹرارس غیر مجاز لے آؤٹس کے پلاٹس اور اراضیات بغیر لنک ڈاکو منٹس والے لے آؤٹ اراضیات کا رجسٹریشن کررہے ہیں جس کے لئے 500 تا ایک ہزار روپئے فی گز وصول کئے جارہے ہیں۔ ان الزامات پر جب اعلیٰ عہدیدار توجہ مرکوز کرتے ہوئے تحقیقات کروانے پر ضلع ورنگل کے ایک سب رجسٹرار کی جانب سے 1,643 ایسے ڈکومنٹ سامنے آئے جنہیں بغیر شرائط کے رجسٹریشن کیا گیا جبکہ ایک اور سب رجسٹرار کی جانب سے 85 ڈاکومنٹس، ایک اور سب رجسٹرار نے بغیر شرائط کے خامیوں سے بھرپور 178 ، اس کے ساتھ ایک اور نے 175 ڈاکومنٹس کی رجسٹری کردی۔ع