نیک مقصد ، سچی لگن اور سخت محنت پر قسمت دستک دے گی ، اشتیاق رحمن کی محنت رنگ لائی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : نیک مقصد سچی لگن اور سخت محنت کا ساتھ ہو تو قسمت ضرور دستک دیتی ہے ۔ آج جاری یو پی ایس سی نتائج کے بعد یقینا کئی ایسے خاندان ہوں گے جنہیں عید سے قبل عید کی خوشیاں مل گئیں لیکن کئی ایسے بھی افراد ہیں جنہیں صرف نتائج دیکھ کر ہی مسلم امیدواروں کی کامیابی سے خوشیاں نصیب ہوئیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ یونین پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے جاری نتائج میں 53 مسلم امیدوار کامیاب ہوئے جن میں ایک نام جناب اشتیاق رحمن کا بھی ہے ۔ رانچی جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے اشتیاق رحمن فی الحال حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر بہ حیثیت آئی بی آفیسر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ نتائج کے بعد ان سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے آبائی ریاست اور شمالی ہند میں ہی خدمات کو ترجیح دیتے ہیں ۔ اشتیاق رحمن کا تعلق ایک اوسط مسلم گھرانے سے ہے ۔ ان کے والد پی ایس سی ملازمت کرتے تھے جو منسٹری آف ہوم افیسرس کا ادارہ ہے والدہ ہاوز وائف گھر میں بھائی بہن ایک اوسط درجہ کی فیملی ، اشتیاق نے یہ نشانہ تیسری مرتبہ کی کوشش میں حاصل کیا ۔ پہلی مرتبہ 2023 میں وہ مینس تک پہونچے تھے ۔ سال 2024 میں انٹرویو تک اور اب سال 2025 میں کامیاب رینک حاصل کرلیا ۔ انہوں نے پہلی ترجیح آئی اے ایس رکھی ہے ۔ اشتیاق گذشتہ سال حیدرآباد آئے تھے ۔ جو ایمیگریشن آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ۔ یہ خدمات بہ حیثیت آئی بی آفیسر انہیں دی گئی تھی ۔ اشتیاق نے بتایا کہ بی بی اے کی تکمیل کے بعد ان کا صرف ایک ہی نشانہ تھا کہ کسی طرح وہ یو پی ایس سی کامیاب کریں ۔ سخت مقابلہ ٹریننگ وسائل اس طرح سے انہیں پہلے ہی پست کرنے کے مشورہ دئیے گئے ۔ لیکن منزل حاصل کرنے کے لیے کوشش کی ضرورت تو پڑتی ہے آگے کامیابی ناکامی نصیب کی بات ہوتی ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کوششیں ہمیشہ جاری رکھنی چاہئے اور اللہ کوششیں کرنے والوں کو جستجو اور سخت محنت کرنے والوں کو کبھی ناامید نہیں کرتا ۔ ملک اور سماج کی خدمت بہترین انسانی خدمت کا یو پی ایس سی اچھا ذریعہ ہے ۔ اشتیاق رحمن نے یو پی ایس سی کے خواہش مند امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف اور صرف محنت پر توجہ مرکوز کریں ۔ نتیجہ اور مقابلہ کی پرواہ نہ کریں ۔ محنت سے صلاحیت اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے جو مقابلہ میں کافی مددگار اور امیدوں کو جگانے کا ذریعہ بنتی ہے ۔۔ ع