حیدرآباد اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں میں انتخابی تیاریاں

   

حساس پولنگ بوتھس کی نشاندہی، 15 اسمبلی حلقوں میں 41 لاکھ سے زائد رائے دہندے

حیدرآباد ۔ 13۔ مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات کے اعلان کے بعد حیدرآباد کے ضلعی حکام نے دو لوک سبھا حلقوں میں انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن اتھاریٹی نے حیدرآباد اور سکندر آباد لوک سبھا حلقوں میں رائے دہی کی تیاری کے سلسلہ میں الیکشن اسٹاف کی تربیت اور پولنگ بوتھس کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات شروع کئے ہیں۔ آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن نے چیف الیکٹورل آفیسرس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد جو 7 اسمبلی حلقہ جات پر محیط ہے، اس کے رائے دہندوں کی تعداد 19 لاکھ 54 ہزار 813 ہے ۔ اسمبلی حلقہ جات مشیر آباد ، عنبر پیٹ ، خیریت آباد ، جوبلی ہلز ، سندر نگر ، نامپلی اور سکندرآباد اس حلقہ کے ساتھ آتے ہیں۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ میں 19 لاکھ 59 ہزار 490 رائے دہندے ہیں اور یہ اسمبلی حلقہ جات ملک پیٹ ، کاروان ، گوشہ محل ، چارمینا ، چندرائن گٹہ ، یاقوت پورہ اور بہادر پورہ پر محیط ہے۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ جس میں دو لاکھ 47 ہزار 912 رائے دہندے ہیں۔ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے تحت آتا ہے ۔ جاریہ سال 22 فروری کو جاری کردہ فہرست رائے دہندگان کے مطابق حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقوں میں رائے دہندوں کی تعداد 41 لاکھ 62 ہزار 215 ہے جن میں 21 لاکھ 57 ہزار 889 مرد اور 20 لاکھ 4 ہزار 139 خواتین ہیں۔ حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کے تحت 1935 پولنگ اسٹیشن ہوں گے جو 770 عمارتوں میں قائم کئے جائیں گے ۔ کلکٹر حیدرآباد ریٹرننگ آفیسر مقرر کئے گئے ہیں جبکہ جوائنٹ کلکٹر کو سکندرآباد لوک سبھا حلقہ کا ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد پولیس نے 1404 حساس پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کی ہے جن میں 532 انتہائی حساس ہیں۔