حیدرآباد تا چینائی بلٹ ٹرین کیلئے سروے کا عنقریب آغاز

   

ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی مساعی، ٹاملناڈو حکومت کو مکتوب روانہ
حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد تا چینائی 778 کیلو میٹر طویل ہائی اسپیڈ ریل راہداری پراجکٹ میں اس وقت پیشرفت ہوئی جب ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے ٹاملناڈو حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے پٹریوں کو بچھانے کے لئے سروے کے کام کی منظوری کی درخواست کی گئی۔ چینائی یونیفائیڈ میٹرو پولیٹن ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے اسپیشل آفیسر جیا کمار نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ حکومت جلد ہی سروے کے کام کو منظوری دے گی۔ انہوں نے کہا کہ منظوری کے فوری بعد تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے اندرون ایک ماہ قطعیت دی جائے گی۔ ٹاملناڈو حکومت کی درخواست پر راہداری کے پلان میں جزوی تبدیلی کی گئی ہے اور تروپتی کے اسٹیشن کو منصوبہ میں شامل کیا گیا ہے۔ سابق میں سری سٹی اور گوڈور کو راہداری میں شامل کیا گیا تھا۔ نئی راہداری کی تکمیل سے موجودہ 12 گھنٹوں کا سفر گھٹ کر محض 2 گھنٹے 20 منٹ میں مکمل کیا جاسکے گا۔ منصوبہ کے تحت ٹاملناڈو میں 2 اسٹیشن رہیں گے چینائی سنٹرل اور چینائی رنگ روڈ کو اسٹیشنوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ ہر اسٹیشن کے اطراف 50 ایکر اراضی الاٹ کی جائے گی تاکہ بہتر انفرااسٹرکچر سہولتیں تیار کی جاسکیں۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ٹاملناڈو کے پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اسٹیشنوں اور راہداری کے سلسلہ میں جلد فیصلہ کرنے کی درخواست کی۔ سروے کے سلسلہ میں ریلویز اور ریاستی حکومت کے عہدیدار مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ جنوبی ہند میں چینائی تا حیدرآباد راہداری تیزرفتار ٹرین کا دوسرا منصوبہ ہے۔ حیدرآباد تا بنگلورو بلٹ ٹرین کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ دونوں منصوبے قومی سطح پر ہائی اسپیڈ ریل پراجکٹ کا حصہ ہیں۔ ممبئی تا احمد آباد پراجکٹ کے کام کا آغاز ہوچکا ہے۔ نئی راہداری سے تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک اور ٹاملناڈو کے درمیان اکنامک ہب کے قیام میں مدد ملے گی۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے گزشتہ ماہ انکشاف کیا تھا کہ پراجکٹ کے لئے سروے کا کام جاری ہے اور جنوبی ہند میں بلٹ ٹرین جلد ہی شروع ہوگی۔ پراجکٹ کے تحت حیدرآباد، چینائی، امراوتی اور بنگلورو کو مربوط کیا جائے گا۔ چینائی کے لئے پراجکٹ کی اہمیت اس لئے بھی ہے کہ ٹاملناڈو کے تحت 61 کیلو میٹر کو راہداری میں شامل کیا جارہا ہے جس کے تحت دو اہم اسٹیشن شامل رہیں گے۔ 1