حیدرآباد رنرز سوسائٹی اور این ایم ڈی سی کی میراتھن 2023

   

26 اور 27 اگست کو مختلف دوڑوں کا اہتمام ۔ انجنی کمار ڈی جی پی نے فنیشرز میڈل کی رونمائی کی
حیدرآباد، 19 اگست (سیاست نیوز): حیدرآباد رنرز سوسائٹی اور این ایم ڈی سی نے مل کر حکومت تلنگانہ کے اشتراک سے 12 ویں سالانہ این ایم ڈی سی حیدرآباد میراتھن 2023 کا اعلان کیا ہے جسے آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک سے اسپانسرشپ حاصل ہوئی ہے۔ اس میں 21,000 رجسٹرڈ شرکاء ہوں گے۔ ابتدائی 5k رن 26 اگست کو صبح 7:00 بجے ہائی ٹیکس مادھاپور سے شروع ہوگی۔ 27 اگست کو شام 4:30 بجے فُل میراتھن اور 5:30 بجے ہاف میراتھن کو پیپلز پلازہ نیکلیس روڈ سے جھنڈی دکھائی جائے گی۔ 10k رن 6:30 بجے ہائی ٹیکس سے شروع ہوگی۔ باوقار سٹی میراتھن میں بیرون شہر سے ہزاروں افراد حصہ لے رہے ہیں جبکہ ہندوستان بھر کے علاوہ سمندرپار سے بھی کئی پروفیشنل اور امیچر رنرز اس سالانہ اسپورٹنگ ایونٹ میں حصہ لیں گے۔ فنیشرز میڈل کی رونمائی انجنی کمار ڈائریکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ اور امیتاؤ مکرجی چیئرمین اینڈ ایم ڈی (ایڈیشنل چارج) اور ڈائریکٹر فینانس این ایم ڈی سی لمیٹیڈ ، نیریش لالن، ہیڈ برانچ، بینکنگ ساؤتھ آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک اور دیگر اسپانسرز نے انجام دی۔ اس موقع پر نکہت زرین انڈین باکسر بھی شریک ہوئی۔ پرشانت مورپاریا ریس ڈائریکٹر این ایم ڈی سی میراتھن نے کہا کہ اس سال تقریباً 30 ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے علاوہ بین الاقوامی شراکت کے ساتھ مجموعی شرکاء 21,000 ہو گئے ہیں۔