حیدرآباد زون میں 9 بس ڈپوز بند کرنے کا فیصلہ

   

کارپوریشن کو نقصانات سے بچانے دیگر ڈپوز میں انضمام
حیدرآباد۔ 30 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ روڈ آر ٹی سی حیدرآباد زون میں 9 بس ڈپوز کو بند کردیا جارہا ہے ۔ آر ٹی سی کے نقصانات کو کم کرنے ڈپوز کو بند کرکے دوسرے ڈپو میں ضم کرنے اقدامات کا آ غاز ہوچکا ہے ۔ بند ہونے والے ڈپوز کی اراضیات کو لیز پر دے کر بھاری رقم حاصل کرنے کا منصوبہ ہے ۔ تاہم یونینوں کا کہنا ہے کہ نقصانات کی آڑ میں ڈپوز کی اراضیات کو کمرشیل ضروریات کیلئے لیز پر دینا فروخت کرنے کے مترادف ہوگا ۔ آر ٹی سی کو فروغ کے نام پر خاموش انداز میں محکمہ کو تباہ کرنے کا یونین لیڈر نے الزام لگایا ہے ۔ آر ٹی سی خدمات کا جہاں تک سوال ہے پرانے شہر میں عوامی حدمات کیلئے منی بس کا منصوبہ دھرا کا دھرا ہے ۔ پرانے شہر میں خدمات میں توسیع کیلئے 100 منی بسیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ تاہم صرف 12 بسیں چلائی جا رہی ہیں ۔ پرانے شہر کیلئے خدمات کو عملاً ختم کردیا گیا ہے ۔ حیدرآباد زون میں بس ڈپوز کو کم کرکے ختم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ بس بھون سے متصل ڈپو کے 135 ملازمین کو دوسرے مقامات پر منتقل کردیا گیا ۔ اس کے علاوہ پیکٹ ڈپو کی بسوں کو دوسرے ڈپوز میں منتقل کرنے اقدامات جاری ہیں ۔ نقصانات کو کم کرنے اس کارروائی کا حکام دعویٰ کر رہے ہیں۔ قیاس ہے ہے کہ گریٹر حیدرآباد میں 29 ڈپوز کو 20 تک گھٹادیا جائے گا ۔ 2019 ء میں گریٹر زون میں 3800 بسیں تھیں۔ بسوں کی خستہ حالی کا بہانہ بناکر 1000 بسوں کو کم کردیا گیا ۔ اب بسوں کی تعداد 2800 ہے ۔ ع