حیدرآباد سے بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کی درخواست

   

حیدرآباد۔/18مارچ، ( این ایس ایس ) وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن سے درخواست کی ہے کہ حیدرآباد کیلئے تمام بین الاقوامی طیاروں کی پروازوں کو منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بین الاقوامی مسافرین کے ذریعہ کورونا وائرس پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ حیدرآباد میں اس وباء کے پھیلنے کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے اور یہی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ بیرونی ممالک سے پہنچنے والے تمام مسافرین کی آمد کو روک دیا جائے۔ ‘‘ ایٹالہ نے کہا کہ گزشتہ چند دن کے دوران شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے حیدرآباد پہنچنے والے بین الاقوامی مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں قرنطینہ کی سہولتوں میں مزید بہتری و اضافہ کیا جانا چاہیئے۔