حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تروپتی جانے والے طیارہ میں تکنیکی خرابی کے سبب اسے راستہ سے دوبارہ حیدرآباد واپس ہونا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ تروپتی کیلئے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے طیارہ نے صبح 6:35 بجے اُڑان بھری اور 7:30 بجے تروپتی پہنچنا تھا۔ ونٹی میٹا علاقہ تک پہنچنے کے بعد پائیلٹ نے طیارہ میں تکنیکی خرابی محسوس کرتے ہوئے طیارہ کا رُخ حیدرآباد کی طرف کردیا اور شمس آباد ایرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ تکنیکی خرابی کے سبب طیارہ کی واپسی سے مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ طیارہ میں جملہ 66 مسافرین تھے جن میں بعض سیاسی قائدین بھی شامل تھے۔ تکنیکی خرابی کے بعد طیارہ کی بحفاظت لینڈنگ پر مسافرین نے راحت کی سانس لی۔ بتایا جاتا ہے کہ خرابی دور کرنے کے بعد طیارہ نے تروپتی کیلئے اُڑان بھری۔ مسافرین نے طیارہ میں تکنیکی خرابی کے بارے میں سوشیل میڈیا میں ویڈیوز وائرل کئے جس میں مسافرین کو بحفاظت لینڈنگ پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے دیکھا گیا۔1