سرکردہ برانڈس کی اشیاء کی بھی نقل ، بلدیہ کی کارروائی ناکافی ، عوامی صحت متاثر ہونے کا امکان
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار میں انکشاف
حیدرآباد۔25۔مارچ(سیاست نیوز) نیشنل کرائم ریکارڈس بیورو کے اعداد وشمار کے مطابق ہندستان کے شہروںمیںحیدرآباد سرفہرست ہے جہاں ملاوٹ شدہ اشیائے ضروریہ بازار میں سب سے زیادہ ہیں اور شہر حیدرآباد میں ہر شئے ملاوٹ شدہ دستیاب ہونے لگی ہے اس کے علاوہ سرکردہ برانڈس کی چائے کی پتی سے آئسکریم اور دودھ سے شہد‘ مصالحہ جات اور تیل ‘ کافی اور دہی کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ میں ملاوٹ شدہ اشیاء گذشتہ چند ماہ کے دوران پکڑی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآباد میں کئی سرکردہ برانڈس کی اشیائے ضروریہ کی نقل یا ملاوٹ شدہ اشیاء کی دستیابی بہت آسان ہے اور اب تک کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہناہے کہ اگر شہر حیدرآباد میں مسلسل کاروائیوں کا آغاز کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں تیل ‘ چائے کی پتی‘ گھی‘ دودھ‘ مصالحہ جات‘ شہد کے علاوہ ٹوتھ پیسٹ‘ ٹوتھ پاؤڈر‘ صابن اور دیگر اشیاء بھی نقلی دستیاب ہوسکتے ہیں۔ شہر یوں کا کہناہے کہ اب شہر حیدرآباد میں ’زہر بھی اصلی دستیاب ہونا ممکن نہیں رہا‘ کیونکہ سگریٹ‘ گٹکھا اور تمباکو بھی معیاری برانڈ کے نقلی بنائے جا رہے ہیں اور بازاروں میں فروخت کئے جا رہے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں کی جانے والی کاروائیوں کے سلسلہ میں بلدی عہدیداروں کا کہناہے کہ جو کاروائیاں کی جارہی ہیں وہ ناکافی ہیں کیونکہ شہر کے کئی سرکردہ بازاروں اور تجارتی مراکز کے علاوہ مارکٹس اور منڈی میں فروخت کی جانے والی اشیاء کی جانچ نہایت مشکل ہوتی ہے اور ہول سیل بازاروں کے قریب نقلی اشیاء کی تیاری کے مراکز ہوا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان مراکز پر دھاوے سے قبل ہی ان نقلی اشیاء کے تیار کرنے والوں کو اطلاعات موصول ہوجاتی ہیں۔ بلدی عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد میں ملاوٹ شدہ اشیاء کی تیاری کو روکنے کے لئے ضروری ہے کہ مزید ٹیموں کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے کاروائیاں کرنی ناگزیر ہے۔ عہدیداروں کا کہناہے کہ پھلوں کو پکانے کے لئے مضر صحت کیمیکل کا استعمال بھی جرم ہے۔شہر میں ادرک لہسن کے پیسٹ میں ملاوٹ کے یونٹس کے خلاف بھی کاروائی کی گئی ہے اسی لئے شہریوں کو کسی بھی اشیاء کی خریدی سے قبل ان کی بہتر انداز میں جانچ کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کے علاوہ اشیاء میں کی جانے والی ملاوٹ پر نظر رکھیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ملاوٹ شدہ اشیاء کے خلاف مہم کے ساتھ ساتھ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے سلسلہ میں بھی اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔3