حیدرآباد: فنکشن ہال میں دولہے نے خودکشی کرلی

,

   

حیدرآباد: پیٹ بشیر آباد کے علاقہ میں فنکشن ہال میں شادی سے کچھ دیر قبل دولہے نے خودکشی کرلی۔ معتبر ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت این.سائی سندیپ،24سالہ حیثیت سے کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سندیپ نے انجینئر گرائجویٹ تک تعلیم حاصل کی ہے۔2003میں اس کی ماں دنیا سے چل بسنے کے بعد اس کے باپ نے دوسری شادی کرلی ہے۔ اس کے بعد اس کی پرورش اس کے نانا، نانی کے ذمہ آگئی۔ گرائجویٹ کی تکمیل کے باوجود اسے کوئی نوکری نہیں مل رہی تھی اور اسی دوران اس کے نانا بھی اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ جس کی وجہ سے سندیپ کافی ذہنی تناؤ کا شکا رہوگیا تھا۔ اسی دوران اس کے والد نے اس کی شادی طے کردی۔ سندیپ اس شادی سے خوش نہیں تھا۔

تاہم اتوار کے دن 3بجے سندیپ کی شادی شہر کے ایک فنکشن ہال میں طے ہوئی۔دولہا دلہن کے سارے رشتہ دار شادی خانہ پہنچ گئے۔ شادی خانہ کے روم میں سندیپ دروازہ اندر سے بند کر کے سوگیا۔ اور اپنا فون بھی بند کرلیا۔ اس کے بعد شادی خانہ انتظامیہ نے دروازہ کی دوسری چابی دی جس سے دروازہ کھولا گیا۔جب دروزاہ کھول کر دیکھا تو سندیپ کی نعش پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔انہوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالہ کی گئی۔ پیٹ بشیر آباد انسپکٹر ایم۔ مہیش نے بتایا کہ اس انتہائی اقدام کی وجہ کا پتہ ابھی نہیں چل سکا۔ ہم اس معاملہ میں تحقیقات کررہے ہیں۔“