حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کی رپورٹ مرکز کے زیر غور

   

جی کشن ریڈی کی مرکزی وزیر شہری ترقی منوہر لال کھٹر سے ملاقات، مختلف پراجکٹس کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 18۔ جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر نے تیقن دیا کہ تلنگانہ کی ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں مرکزی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ صدر تلنگانہ بی جے پی اور مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر سے ملاقات کی اور حیدرآباد کے زیر التواء ترقیاتی پراجکٹس کی تکمیل کیلئے نمائندگی کی۔ مرکزی وزارت شہری ترقی کے ذریعہ تلنگانہ میں شروع کی گئی مختلف ترقیاتی اسکیمات پر بات چیت ہوئی ۔ کشن ریڈی کے مطابق مرکزی وزیر سے حیدرآباد میٹرو ریل مرحلہ دوم کے توسیعی منصوبہ پر بات چیت کی گئی ۔ میٹرو فیس 2 کیلئے تلنگانہ حکومت نے مرکز کو جو پراجکٹ رپورٹ روانہ کی ہے ، اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ منوہر لال کھٹر نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے روانہ کردہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ مرکز کے زیر غور ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت شہری ترقی کے عہدیدار رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں حیدرآباد شہر کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ۔ مرکزی وزیر نے حیدرآباد میں بنیادی سہولتوںکی فراہمی میں مرکز سے تعاون کا یقین دلایا۔ کشن ریڈی نے حیدرآباد میں مرکز کے تعاون سے عمل کئے جارہے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ریلویز کے ذریعہ تلنگانہ میں 40 سے زائد ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی کے کام جاری ہے جن میں سکندرآباد اور حیدرآباد ریلوے اسٹیشن شامل ہیں۔ انہوں نے لوک سبھا حلقہ سکندرآباد کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر سے نمائندگی کی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے میٹرو ریل پراجکٹ کے توسیعی منصوبہ کے علاوہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹس کی تکمیل کیلئے مرکز سے فنڈس کی درخواست کی گئی ہ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اس سلسلہ میں وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر مرکزی وزراء سے نمائندگی کی تھی۔ 1