جے بی ایس تا فلک نما میٹرو کام کا بہت جلد آغاز ، دس لاکھ مسافروں کا حصول اسمارٹ کارڈ
حیدرآباد۔3جنوری(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کی دوسری راہداری یعنی جوبلی بس اسٹیشن سے فلک نما کے کاموں کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ ایل اینڈ ٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل اور ان کی اپنی ٹیم اس کام میں مصروف ہے اور جلد ہی پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کی شروعات عمل میںلائی جائے گی۔ حیدرآباد میں میٹرو ریل کے آغازسے مسافرین کو کافی سہولتیں حاصل ہوئی ہیں اور وہ اس سہولت سے استفادہ کررہے ہیں۔ این اینڈ ٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل عوامی زندگی کا حصہ بنتی جا رہی ہے اور پرانے شہر میں اس کے آغاز کے بعد حالات میں مزید تبدیلی رونما ہوگی۔ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل کے کاموں پر مطمئن ہے اور مستقبل میں مابقی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے متعلق اقدامات میں مصروف ہے۔ شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہاہے اور فی الحال شہر میں 10 فیصد رعایت کے ساتھ میٹرو ریل میں سفر کرنے کی غرض سے 10لاکھ افراد نے اسمارٹ کارڈ حاصل کئے ہیں جنہیں بہ آسانی ریچارج کیا جا سکتا ہے یہ کارڈس غیر معینہ مدت کے ہیں۔ ائیر پورٹ تک نئی میٹرو لائن کے سلسلہ میں حکومت کے فیصلہ کے متعلق دریافت کرنے پر ایل اینڈ ٹی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ایل اینڈ ٹی کی جانب سے اس پراجکٹ کے رہنمایانہ خطوط اور دیگر امور کا جائزہ لینے کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے شہریوں کو میٹرو کے سفر پر راغب کرنے کیلئے انہیں متعدد سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تشہیر پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ میٹرو کے مسافرین کو شہری علاقوں میں اعلی ترین معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ان کے لئے میٹرو اور دیگر ذرائع سے حمل ونقل کو مربوط کیا جائے۔ خانگی عوامی شراکت داری کے تحت شروع کئے جانے والے پراجکٹس کے سلسلہ میں عہدیداروں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں اس طرح کے منصوبوں کے ذریعہ سہولتوں کی فراہمی میں بہتری کے علاوہ شہریوں کو معیاری زندگی گذارنے کی راہیں ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں اور خانگی عوامی شراکت داری کے ذریعہ شروع کئے جانے والے پراجکٹس کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔ حیدرآباد میٹرو ریل عالمی سطح پر موجود ایسے میٹرو ریل پراجکٹس میں سب سے بڑا ہے جو خانگی عوامی شراکت داری کے ذریعہ چلائے جا رہے ہیں۔گذشتہ دو برسوں کے دوران حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کو عوام کی کافی حمایت حاصل ہوئی ہے اور عوام کی بڑی تعداد اس پراجکٹ سے استفادہ بھی کر رہی ہے۔حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مسافرین کو میٹرو سے جوڑے رکھا جائے اور ان کو اس بات کا احساس کروایا جائے کہ میٹرو کے استعمال سے نہ صرف وقت بچایاجاسکتا ہے بلکہ اس سہولت سے استفادہ کے دیگر کئی فوائد بھی موجود ہیں۔