حیدرآباد میں 48.79 فیصد خاتون ووٹرس، فیصلہ کن موقف

   

جوبلی ہلز سرفہرست، کاروان اور یاقوت پورہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر

حیدرآباد۔/29 نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع میں خاتون رائے دہندے کسی بھی پارٹی اور امیدوار کی کامیابی میں نمایاں رول ادا کرسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اہم سیاسی پارٹیوں نے خواتین کی تائید حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ حیدرآباد ضلع کے جملہ رائے دہندے 4536852 ہیں جن میں مرد رائے دہندے خواتین سے 2.4 فیصد زیادہ ہیں۔ 15 اسمبلی حلقہ جات میں 2213902 خواتین اور 2322623 مرد رائے دہندے ہیں۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں 182837 رجسٹرڈ خاتون رائے دہندے ہیں اور یہ حلقہ خاتون رائے دہندوں کی اکثریت میں سرفہرست ہے۔ کاروان 175004 کے ساتھ دوسرے اور یاقوت پورہ 173946 خاتون رائے دہندوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ میں مرد اور خاتون رائے دہندوں میں فرق معمولی ہے۔ حلقہ میں 168945 مرد اور 168838 خاتون رائے دہندے ہیں۔ رائے دہندوں میں خواتین کا مجموعی فیصد 48.79 ہے جس کے نتیجہ میں سیاسی پارٹیوں نے خواتین رائے دہندوں پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے کلیان لکشمی، شادی مبارک اور خواتین کیلئے دیگر اسکیمات کی تشہیر کی جارہی ہے۔ کانگریس اور دیگر پارٹیوں نے برسراقتدار آنے پر خواتین کیلئے کئی اسکیمات کا وعدہ کیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق شہر کے 15 اسمبلی حلقہ جات میں خاتون رائے دہندوں کی حصہ داری فیصلہ کن رہے گی۔ حیدرآباد میں خواتین کے زیر انتظام 75 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے۔