زندگی کو خطرہ کی صورت میں استثنیٰ، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز اور مادھا پور میں زیادہ لائسنس
حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پولیس نے تمام لائسنس ہولڈرس کو اپنے لائسنس شدہ ہتھیاروں کو جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ اگر کسی شخص کو خطرہ لاحق ہو تو ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر یا کلکٹر سے اجازت حاصل کرتے ہوئے اپنا لائسنس شدہ ہتھیار اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں۔ پولیس نے انڈین آرمی کے عہدیداروں اور جوانوں کے علاوہ وی وی آئی پی کو اپنے شخصی لائسنس یافتہ ہتھیار مقامی پولیس اسٹیشنوں میں جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پولیس نے تقریباً 9000 وی وی آئی پی بشمول پولیس عہدیداروں، سیاسی قائدین اور بزنس مینس کو آرمس لائسنس جاری کیا ہے جن میں سے 16 اکٹوبر تک 7000 سے زائد ہتھیار متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں جمع کردیئے گئے۔ زیادہ تر ہتھیاروں کے لائسنس ہولڈرس کا تعلق جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، مادھا پور، گچی باؤلی اور سائبرآباد علاقوں سے ہے۔ ڈی سی پی مادھا پور جی سندیپ نے کہا کہ فوجی عہدیداروں کو بھی اپنے ہتھیار پولیس کے پاس جمع کرنے ہوں گے۔ اگر کسی فوجی عہدیدار یا اہم شخصیت کے افراد خاندان کو خطرہ لاحق ہو تو وہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر یا ضلع کلکٹر سے رجوع ہوکر استثنیٰ حاصل کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد میں ہتھیاروں کو جمع کرنے کی آخری تاریخ 16 اکٹوبر تھی اور تقریباً 90 فیصد ہتھیار متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں جمع کرائے گئے۔ اے سی پی بنجارہ ہلز پی سبیا نے بتایا کہ جن افراد نے ابھی تک ہتھیار سرینڈر نہیں کئے انہیں ایک موقع دیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض لائسنس ہولڈرس ملک کے باہر ہیں اور انہوں نے ہتھیاروں کو جمع کرنے کیلئے وقت مانگا ہے۔ ایسے افراد کے پاسپورٹ کی تفصیلات کے ساتھ پولیس نے ضروری کارروائی شروع کی ہے۔