حیدرآباد میں امدادی اور بازآبادکاری کام جنگی خطوط پر انجام دیئے جائیں

   

چیف منسٹر کی عہدیداروں کو ہدایت، امدادی رقم تہوار سے قبل تقسیم کی جائے، برقی ٹرانسفارمرس اور سب اسٹیشنوں کی بحالی
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد میں جنگی خطوط پر راحت اور بازآبادکاری کے کام مکمل کریں۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں حیدرآباد میں ریلیف کے کاموں کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار ، پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار ، جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار ، ست نارائن ریڈی ، رگھوما ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بھاری بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں پانی مکانات میں داخل ہوگیا اور ضروری سامان کے علاوہ کپڑوں اور دیگر اشیاء کو نقصان پہنچا ہے ۔ عوام اپنے لئے غذا کی تیاری کے موقف میں نہیں ہے۔ لہذا حکومت نے فوری معاشی امداد کے طور پر ہر متاثرہ خاندان کو 10,000 روپئے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امداد کی تقسیم کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے ۔ اگر غریبوں کو تہوار سے قبل امداد ملتی ہے تو یہ ان کیلئے بہتر ہوگا ۔ چیف منسٹر نے روزانہ کم از کم ایک لاکھ افراد کو امداد پہنچانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش اور سیلاب نے 33/11 کے وی سب اسٹیشنوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ 15 مقامات پر سب اسٹیشنوں کی مرمت کرتے ہوئے برقی سربراہی بحال کی گئی۔ 1080 مقامات پر 11 کے وی فیڈرس کو نقصان پہنچا اور ان تمام کو بحال کردیا گیا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 1215 ٹرانسفارمرس کو نقصان پہنچا اور ان کی مرمت کرتے ہوئے 1207 کو بحال کردیا گیا ہے۔ باقی 8 ٹرانسفارمرس کی مرمت نہیں کی جاسکی کیونکہ وہ پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ موسیٰ ندی میں سیلاب کے سبب 1145 زرعی شعبہ کے ٹرانسفارمرس کو دیہی علاقوں میں نقصان پہنچا۔ ان میں سے 386 کی مرمت کی گئی ہے۔ نلگنڈہ ، بھونگیر اور سوریا پیٹ میں 586 ٹرانسفارمرس زیر آب آچکے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 1299 برقی پولس کو نقصان پہنچا ہے اور ان تمام کی مرمت کردی گئی ہے۔ دیہی علاقوں میں 5335 برقی پولس کو نقصان ہوا ہے جن میں سے 3249 کو درست کیا گیا جبکہ باقی کا کام جاری ہے۔ صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن رگھوما ریڈی نے محکمہ برقی کے نقصانات کی تفصیلات بیان کی۔ چیف منسٹر نے برقی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پانی میں محصور علاقوں سے پانی کی نکاسی کے بعد برقی سربراہی بحال کریں۔