حیدرآباد میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر عمل آوری میں پیشرفت

   

ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور محمد اظہرالدین نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا

حیدرآباد ۔18 ۔ فروری (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ حیدرآباد میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت ہر غریب اور مستحق خاندان کو مکان منظور کیا جائے گا۔ سکریٹریٹ میں وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور گریٹر حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کے ساتھ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ پونم پربھاکر جو حیدرآباد کے انچارج وزیر ہیں، کہا کہ حکومت شفافیت کے ساتھ ہر غریب اور مستحق خاندان کو مکان منظور کرنے میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ L1 کے تحت 4800 مستحق خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے امداد منظور کی جائے گی ۔ یہ ایسے مستحقین ہیں جن کے پاس مکان کے لئے اراضی موجود ہے۔ L2 کے تحت حیدرآباد میں چار لاکھ 20 ہزار سے زائد درخواستیں مختلف اسمبلی حلقہ جات میں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے حدود میں اراضیات کی نشاندہ کرتے ہوئے G+5 یا G+10 عمارتوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے جس میں اندراماں مکانات غریبوں کو الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نامکمل ڈبل بیڈروم مکانات کی جلد تکمیل کرتے ہوئے مستحقین کو الاٹ کریں۔ عہدیداروں نے ڈبل بیڈروم مکانات کے بارے میں وزراء کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سلم علاقوں میں اندراماں ماڈل کالونیوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اراضیات کی نشاندہی کیلئے عہدیداروں کو ہدایات دی گئی۔ اجلاس میں کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن ، ضلع کلکٹر ہری چندنا داسری اور ہاؤزنگ کارپوریشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔1