حیدرآباد میں رہائشی عمارتوں کو کمرشیل میں تبدیل کرنے کا موقع

   

Ferty9 Clinic

۔ 30 نومبر تک آن لائن درخواستوں کی سہولت،تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نئی گنجائش

حیدرآباد۔/3نومبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے رہائشی اجازت نامہ کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں چلانے والے افراد کو کمرشیل میں تبدیلی کیلئے موقع فراہم کیا ہے۔ تجارتی علاقوں میں رہائشی اجازت نامہ کے ساتھ کاروبار کرنے والے افراد کو یہ سہولت دی جائے گی۔ جی او 102 کے تحت حکومت نے حال ہی میں موجودہ کمرشیل روڈس میں نئے کمرشیل روڈس کے اضافہ کا اعلان کیا اور فیس کی شرحوں پر نظرِ ثانی کی گئی۔ حکومت کے احکامات کے تحت کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کو اس بات کا اختیار دیا گیا ہے کہ وہ رہائشی، تجارتی اور مشترکہ طور پر استعمال ہونے والی عمارتوں کی تعمیر کی اجازت دیں۔ مقررہ فیس کی وصولی کے ذریعہ سڑکوں کے تعین کے بعد یہ اجازت دی جائے گی۔ حاصل ہونے والی فیس اسٹائٹیجک نالہ ڈیولپمنٹ پروگرام کے اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔ اعلان کردہ کمرشیل روڈس پر موجود کمرشیل بلڈنگس جنہیں رہائشی اغراض سے تجارتی اغراض کیلئے تبدیل کیا گیا ہے انہیں مقررہ شرحوں کے مطابق فیس ادا کرنی ہوگی اور 33 فیصد کمپونڈنگ فیس ادا کرنا ہوگا۔ حکومت نے غیر رہائشی مقاصد کیلئے عمارتوں کی تبدیلی جو اعلان کردہ کمرشیل روڈس کے علاوہ ہوں انہیں 1.25 سے 1.5 گنا امپاکٹ فیس اور 33 فیصد کمپونڈنگ فیس ادا کرنی ہوگی۔ بلڈنگ کے مالکین کو جی ایچ ایم سی کی ویب سائیٹ پر آن لائن سیلف ڈیکلریشن اپلکیشن داخل کرنا ہوگا۔ یکم نومبر تا 30 نومبر درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اگر سیلف ڈیکلریشن اپلکیشن داخل نہیں کیا گیا تو بلدیہ کو عمارت ضبط کرنے یا اسے مہر بند کرنے کا اختیار رہے گا۔ بلڈنگ مالکین کو درخواستوں کے ادخال کے وقت 50 فیصد امپاکٹ فیس اور کمپونڈنگ فیس جمع کرنا ہوگا۔ باقی طئے ہونے والی رقم 31 مارچ 2022 تک ادا کی جاسکتی ہے۔ اگر درخواستوں کے ادخال کے وقت مکمل رقم جمع کردی گئی تو حکومت 10 فیصد کی رعایت دے گی۔ خواہشمند افراد گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ویب سائیٹ
https://cr.ghmc.gov.in
پر کمرشیل استعمال کے آپشن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ انہیں موبائیل نمبر اور او ٹی پی دینا ہوگا۔ ویب سائیٹ پر عمارت کی تفصیلات اور پتہ اور مراسلت کا پتہ آن لائن کرنا ہوگا۔ درخواستوں کے ادخال کے بعد چالان کی ادائیگی کی گنجائش رہے گی۔ ادائیگی کنفرم ہونے کے بعد وہ عبوری سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ر