حیدرآباد ۔ سلمان خان اپنی آنے والی فلم سکندر کی شوٹنگ کے لیے حیدرآباد میں موجود ہیں۔ حیدرآباد کے فلک نما پیلس میں اداکارہ رشمیکا منڈنا کے ساتھ فلم کی شوٹنگ کررہے ہیں۔ ایک طرف سلمان فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تو دوسری جانب انہیں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے ایک بار پھر دھمکی موصول ہوئی ہے۔ ممبئی ٹریفک کنٹرول سیل کو تازہ دھمکی آمیز پیغام بھیجاگیا ہے۔ اس پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ دھمکی لارنس بشنوئی گینگ نے بھیجی ہے۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ سلمان خان یا تو اپنے مندر جاکر معافی مانگیں یا 5 کروڑ روپے دیں۔ ایسا نہ کرنے پر سلمان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ دھمکیوں کے درمیان سلمان خان تاج فلک نما پیلس میں فلم سکندرکی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ ایسے میں وہاں سیکورٹی بہت سخت ہے۔ اس کے باوجود شائقین اندرکی تصاویر اور ویڈیوز لینے میں کامیاب ہو گئے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سلمان خان کے مداح محل کے باہر بھی جمع ہو گئے ہیں اور ان کی ایک جھلک کا انتظارکررہے ہیں۔ ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جو سکندر کے سیٹ کی ہے۔ اس میں عملے کے ارکان دکھائی دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہاں ایک مانیٹر رکھا گیا ہے، جس میں رشمیکا منڈنا نظرآرہی ہیں۔ تاہم اس میں سلمان خان کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔ لیکن بتایا جا رہا ہے کہ سلمان بھی وہیں شوٹنگ کررہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ سلمان اور رشمیکا وہاں سکندر کے ایک اہم سین کی شوٹنگ کررہے ہیںاور مداح پر جوش ہیں۔