میڈی ٹرانکس انجینئرنگ اینڈ انوویشن گلوبل آئی ٹی سنٹر کا افتتاح ، وزیر سریدھر بابو کا خطاب
حیدرآباد۔10جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میڈیکل اور لائف سائنس کے مرکز کے طور پر فروغ حاصل کر رہا ہے اور تلنگانہ حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں میڈیکل ‘ لائف سائنس میں ترقی اور تحقیق کے اداروں کو شہر میں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو نے آج نانک رام گوڑہ میں میڈی ٹرانکس انجنیئرنگ اینڈ انوویشن گلوبل آئی ٹی سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کے نتیجہ میں ریاست میں کئی بین الاقوامی کمپنیاں جو اس شعبہ میں کام کرتی ہیں وہ شہر حیدرآباد میں اپنے تحقیقی مراکز کے قیام کے متعلق سنجیدہ ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی کمپنیوں کو مواقع فراہم کرنے کے ذریعہ ریاست میں سرمایہ کاری میں اضافہ کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔مسٹر ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں میڈی ٹرانکس کے آغاز سے ریاست میں60ملین ڈالرس کی سرمایہ کاری کے علاوہ 300 نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کا موسم بھی بین الاقوامی کمپنیوں کے لئے ساز گار ہے اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی جانب سے ریاست بھر میں بیرونی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور چیف منسٹر ریاست میں بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں اپنی شخصی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں فروری سے اب تک کی جانے والی سرمایہ کاری کے فوائد نظر آنے لگے ہیں۔مسٹر ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو ان کی کمپنیوں کے قیام کے لئے مراعات کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کیلئے جامع پالیسی کا اعلان کیا جائے گا ۔3