حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) گلوبل ہاسپٹل کے بانی اور ممتاز سرجن ڈاکٹر کے رویندر ناتھ نے اپنے اثاثہ جات کا 70 فیصد حیدرآباد میں میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کیلئے خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عالمی سطح کے میڈیکل ایجوکیشن ریسرچ اینڈ انوویشن انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے وہ 350 کروڑ روپئے خرچ کریں گے۔ ڈاکٹر رویندر ناتھ نے کہا کہ انہوں نے میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے گلوبل یونیورسٹی فاؤنڈیشن کی تشکیل عمل میں لائی ہے۔ گلوبل ہیلت ٹیک یونیورسٹی اور انوویشن ھب ایک غیر منفعت بخش ادارہ رہے گا جس کا مقصد بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی اور حیدرآباد کو طب کے عالمی نقشہ پر پیش کرنا ہے۔ میڈیکل یونیورسٹی میں 750 تا 1000 بستروں کے ہاسپٹل کی گنجائش رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 70 فیصد اثاثہ جات کے خرچ کے باوجود ضروری رقم کے 50 فیصد کی تکمیل ہوگی۔ باقی رقم کے سلسلہ میں میڈیکل، فارما سیوٹیکل، ٹکنالوجی اور کامرس سے وابستہ اداروں اور دیگر غیر سرکاری ادارے اور دوست احباب انتظام کریں گے۔