ونڈرس سے اضافی رقم کی وصولی ، پیپرس کی سربراہی مسدود
حیدرآباد ۔ /23 اکٹوبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد شہر میں نان جوڈیشیل اسٹامپ پیپرس کی زبردست قلت پائی جارہی ہے ۔ جائیدادوں کے رجسٹریشن ، معاہدات اور قانونی معاملتوں کیلئے استعمال کئے جانے والے اسٹامپ پیپرس بالخصوص (100) روپئے مالیتی اسٹامپ پیپرس کی اجرائی ریاستی محکمہ رجسٹریشنس اینڈ اسٹامپس کی جانب سے عمل میں نہیں لائی جارہی ہے جبکہ اسٹامپ ونڈرس کے پاس اسٹامپ پیپرس کا قدیم اسٹاک پائے جانے کے باوجود اسٹامپس کی مصنوعی قلت پیدا کرکے زائد قیمتوں پر فروخت کئے جانے کی اطلاعات پائی جارہی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ اب تک ہی (50) روپئے مالیتی اسٹامپ پیپر کا کہیں بھی اتہ و پتہ تک نہیں پایا جارہا ہے اور اب (100) روپئے مالیتی نان جوڈیشیل اسٹامپ پیپر کی زبردست قلت کی وجہ سے عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ کیونکہ ہر معاملہ کیلئے کم از کم (100) روپئے مالیتی اسٹامپ پیپر کا زیادہ تر استعمال کئے جانے کی وجہ سے فی الوقت (100) روپئے مالیتی نان جوڈیشیل اسٹامپ پیپر کی زبردست مانگ پائی جاتی ہے ۔ لیکن ان اسٹامپ پیپرس کی عدم فراہمی کے باعث عوام کیلئے مارکٹ میں دستیاب نہیں ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ زائد از دو ماہ کے عرصہ سے ریاستی محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن کی جانب سے ناسک پرنٹنگ پریس کو اسٹامپس کی طباعت کیلئے آرڈر نہیں دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ناسک سے ریاستی محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کو مذکورہ نان جوڈیشیل اسٹامپ پیپرس کی سربراہی مسدود ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت ریاستی محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کے ذریعہ (20) روپئے مالیتی نان جوڈیشیل اسٹامپ پیپرس میں سربراہ کئے جارہے ہیں اور اس اسٹاک کے ختم ہوجانے کی صورت میں رجسٹریشن ، معاہدات و سرکاری معاملتیں انجام نہیں پائی جاسکیں گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسٹامپ پیپرس کی اس قلت کے باوجود ریاستی محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کو کوئی دلچسپی نہیں پائی جارہی ہے ۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ مارکٹ میں اسٹامپ پیپرس کی عدم دستیابی کے باعث بعض اسٹامپ ونڈرس اپنی من مانی قیمتوں پر اسٹامپ پیپرس فروخت کررہے ہیں ۔ لیکن اس صورتحال سے مکمل طور پر واقف ریاستی محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کی جانب سے اسٹامپس پیپرس منگوانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔