حیدرآباد میں پُرامن ماحول اور ترقی ٹی آر ایس کی دین

   

ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں ریاستی وزراء کی شرکت ، شہر کے بلدی ڈیویژنوں میںپدیاترا، عوام میں جوش و خروش

حیدرآباد۔ مختلف ریاستی وزراء اور سرکاری کارپوریشنوں کے صدور نشین نے گریٹر بلدی انتخابات کے سلسلہ میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ شہر کے مختلف بلدی حلقہ جات میں ٹی آر ایس نے وزراء کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کیا ہے اور پرچہ نامزدگی کی جانچ کی تکمیل کے فوری بعد وزراء اور عوامی نمائندوں نے اپنی مہم کو تیز کرتے ہوئے بی جے پی پر فرقہ وارانہ سیاست کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا۔ ریاستی وزیر انڈومنٹ این اندرا کرن ریڈی نے بنجارہ ہلز ڈیویژن کے مختلف علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے رائے دہندوں سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کی۔ ریاستی وزیر بہبودی خواتین و اطفال شریمتی ستیہ وتی راتھوڑ نے اوپل اسمبلی حلقہ کے مختلف ڈیویِژنس میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے خواتین سے بطور خاص ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ ریاستی وزیر آبکاری و سیاحت بی سرینواس گوڑ نے مشیرآباد اسمبلی حلقہ کے اڈیکمیٹ ڈیویژن میں گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے میر پیٹ ہاؤزنگ بورڈ ڈیویژن کے مختلف علاقوں کا نہ صرف دورہ کیا بلکہ مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کوکٹ پلی اسمبلی حلقہ کے بلدی ڈیویژنس میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا اور بعد میں مختلف علاقوں میں پدیاترا کی۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے وینکٹا پورم اور دیگر علاقوں میں پارٹی کی انتخابی مہم چلائی۔ ریاستی وزراء صبح اور شام دونوں مواقع پر انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے عوام کو شہر کی ترقی سے متعلق حکومت کے منصوبوں سے واقف کروارہے ہیں۔ وزراء نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نفرت کی سیاست کررہی ہے اور مذہب کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ حیدرآباد کے عوام بی جے پی کی سازش کا شکار نہیں ہوں گے۔ اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں ترقی ٹی آر ایس حکومت کی دین ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا تھا۔ کے سی آر اور کے ٹی آر کی خصوصی دلچسپی سے حیدرآباد عالمی شہر کی طرز پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ بلاوقفہ برقی کی سربراہی، سڑکوں کی توسیع، روزانہ پانی کی سربراہی اور صحت و صفائی کے انتظامات میں حیدرآباد کی مثال ملک کا کوئی اور شہر پیش نہیں کرسکتا۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں حیدرآباد نے ملک کے دیگر بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ریاستی وزراء کی انتخابی مہم کے دوران غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ ریاستی وزیر ستیہ وتی راتھوڑ نے گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ ترقی کی بنیاد پر عوام ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب کریں گے۔