مسلسل کھانسی کی شکایت کیساتھ کئی افراد دواخانوں سے رجوع
حیدرآباد۔22۔اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں پھیپڑوںکے عارضہ میں مبتلاء مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے اور مسلسل کھانسی کی شکایات کے ساتھ کئی مریض دواخانوں سے رجوع ہونے لگے ہیں۔ دونوں شہروں میں سردی کھانسی اور بخار کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کے ساتھ نئی بیماری شہریوں میں دیکھی جانے لگی ہے جو کہ اکثر ان افراد کو متاثر کر رہی ہے جو کہ پہلے سے کسی مرض کا شکار ہیں اور ان کی قوت مدافعت کمزور ہے۔ ڈاکٹرس کے مطابق شہر حیدرآباد میں RSV نامی وائرس کا شکار ہونے کے بعد پھیپڑے کے عوارض کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ RSV ایک ایسا وائرس ہے جو قوت مدافعت کمزور ہونے پر حملہ آورہوتا ہے ۔ سانس لینے میں تکلیف اور مسلسل کھانسی کے نتیجہ میں مریض کے جسم کے مختلف حصوں پر سوجن محسوس ہونے لگتی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ شہر میں ہر عمر کے افراد اس وائرس کا شکار ہونے لگے ہیں جنہیں مؤثر علاج ضروری ہے۔ مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کے نتیجہ میں بے چینی اور تھکان کی شکایت عام ہونے لگتی ہے۔ ڈاکٹرس کا کہناہے کہ مسلسل کھانسی کی صورت میں تجربات کرنے کے بجائے ماہر ڈاکٹرس سے مشورہ کرتے ہوئے ادویات کا استعمال کرنا چاہئے تاکہ وائرس پھیپڑوں کا متاثر نہ کرسکے۔ ماہرین کے مطابق پھیپڑوں کے متاثر ہونے کی صورت میں مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں ہونے والی دشواری کے نتیجہ میں دیگر امراض کا علاج بھی دشوار ہونے لگتا ہے اسی لئے اس بیماری کا بہتر علاج اور اسے دور کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہئے ۔ بچوں اور نوجوانوں میں مسلسل کھانسی اور سانس لینے میں ہونے والی دشواری کے ساتھ ہی ان کی بہتر تشخیص کے لئے ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہئے۔